پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کی واپسی، سرمایہ کاروں کو اربوں کا منافع

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کی واپسی، سرمایہ کاروں کو اربوں کا منافع، ڈالر مہنگا

تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی واپسی ہوئی ہے، سرمایہ کار ٹریڈنگ میں زبردست انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔ جس کے باعث سٹاک ایکسچینج میں تیزی کے اثرات سامنے آ رہے ہیں، تیزی کی بدولت 100 انڈیکس میں تین سو سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رواں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کے آغاز میں 100 انڈیکس میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، صبح دس بجے تک انڈیکس 164 پوائنٹس بڑھ گیا تھا جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کی کمپنیوں کے حصص کی خریداری کے باعث دوپہر بارہ بجے تک یہ تیزی 280 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

بعدازاں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر زبردست تیزی کے باعث 46 ہزار کی نفسیاتی حد عبور ہو گئی تھی لیکن سرمایہ کاروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ کے رجحان کے باعث 100 انڈکس کی 46 ہزار کی حد برقرار نہ رہ سکی اور 100 انڈیکس 307.52 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 45984.46 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

دوسری جانب روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر نے ایک بار پھر اونچی اڑان بھرنا شروع کر دی ہے اور رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر ایک مرتبہ پھر 12 پیسے مہنگا ہو گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 12 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد قیمت 160 روپے 50 پیسے سے بڑھ کر 160 روپے 62 پیسے ہو گئی ہے۔

 


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>