پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی،روپے کے مقابلے ڈالر بھی سستا ہو گیا
رواں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 199 پوائنٹس بڑھ گیا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں صبح دس بجے تک 10.38 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی، اس کے بعد سرمایہ کاروں نے دلچسپی دکھائی اور منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی خریداری کی، جس کے باعث 100 انڈیکس تیزی سے بڑھنے لگا اور دوپہر 12 بجے تک انڈیکس میں 174.05 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی۔
بعد ازاں رواں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں 199.74 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی اور انڈیکس 46287.38 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا اس دوران 34 کروڑ 15 لاکھ 73 ہزار 515 شیئرز کا لین دین ہوا، اسٹاک ایکسچینج میں آئی تیزی کی بدولت سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے سے زائد کا منافع ہوا ہے۔
دوسری جانب انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی روپے کے مقابلے میں بڑھتی ہوئی قیمتوں کو پھر سے بریک لگ گئی ہے اور روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 15 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for today: https://t.co/p8xqD4BFfL pic.twitter.com/hqr6ADJwZV
— SBP (@StateBank_Pak) January 26, 2021
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 16 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 160 روپے 80 پیسے سے گر کر 160 روپے 64 پیسے ہو گئی ہے۔
سیاست پی کے پر پچھلے ایک سال سے ڈالر روز سستا ہو کر بھی ایک سو ساٹھ سے نیچے نہیں آرہا۔