کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، ڈالر مزید سستا ہو گیا
رواں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی ریکارڈ کی گئی ہے، تیسرے کاروباری روز کے دوران ٹریڈنگ کا آغاز محتاط انداز میں ہوا تھا، تاہم سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی خریداری کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 170 پوائنٹس اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 46698.33 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا تھا۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی، اور کاروباری روز کے اختتام پر اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 170 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 46 ہزار 458 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں دوسرے کاروباری روز کے دوران تیزی ریکارڈ کی گئی تھی،100 انڈیکس 199.74پوائنٹس بڑھ گیا تھا جس سے سرمایہ کاروں کو 20 ارب روپے سے زائد کا منافع ہوا تھا۔
دوسری طرف گزشتہ روز کی طرح رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران بھی انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں روپے کے مقابلے میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 10 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 20 پیسے کم ہوئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for today: https://t.co/ND3jT2UmzX pic.twitter.com/LpydGPfouU
— SBP (@StateBank_Pak) January 27, 2021
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 10 پیسے سستا ہو کر 160 روپے 54 پیسے پر بند جبکہ اوپن مارکیٹ میں 20 پیسے سستا ہو کر 160 روپے 70 پیسے پر فروخت ہوا۔