پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز بھی تیزی، ڈالر پھر مہنگا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی تیزی دیکھی گئی ہے، رواں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کا آغاز تیزی سے ہوا تھا اور پورے کاروباری روز کے دوران 100 انڈیکس میں 492 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سیاسی کشمکش کی وجہ سے گزشتہ ہفتے شدید مندی کی لپیٹ میں رہنے والی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے زبردست تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے اور رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران 100 انڈیکس زیادہ سے زیادہ 46 ہزار 884 اور کم سے کم 46 ہزار 365 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔
بعد ازاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آئے اتار چڑھاؤ کے بعد پورے کاروباری روز کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 492 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اسٹاک مارکیٹ میں آئی تیزی کی بدولت 100 انڈیکس 46 ہزار 867 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوئی۔
دوسری جانب روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر ایک بار پھر بڑھنے لگی ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ٹویٹر پر جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز امریکی ڈالر کی قدر میں 27 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for today: https://t.co/DvWDbqMHAK pic.twitter.com/b4GujxHwJ8
— SBP (@StateBank_Pak) February 16, 2021
مرکزی بینک کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ روز کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 27 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد امریکی ڈالر 159.27 کی سطح سے بڑھ کر 159.54 کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔