شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی ویڈیو لنک پرپاکستانی طالبات سے دلچسپ گفتگو

شہزادہ ولیم نے دورہ پاکستان کی یادیں تازہ کرتے ہوئے پاکستانی طالبات کے سامنے اپنی اہلیہ کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔

گزشتہ سال اکتوبر 2019 میں پاکستان کے تاریخی دورے کی یادیں تازہ کرتے ہوئے برطانوی شہزادے ولیم اور ان اہلیہ کیٹ میڈلٹن کی جانب سے پاکستان کے دورے کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستانی سکول کی طالبات اور ان کے اساتذہ سے خوشگوار موڈ میں ویڈیو لنک کے ذریعے دلچسپ گفتگو کی گئی۔

پاکستانی بچوں اور اساتذہ سے کی جانے والی آن لائن گفتگو کی ویڈیو شاہی جوڑے نے شاہی محل اور شاہی جوڑے کے نام سے بنے ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی، شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہی جوڑا آپ نے پاکستان کے دورے کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بہت ہی خوشگوار اور پر مسرت انداز میں پاکستانی طالبات سے گفتگو کر رہا ہے۔

ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کے دوران شاہی جوڑے نے پاکستانی طالبات کی جانب سے بنائی گئی ڈرائنگ کے ذریعے چیزیں پہچاننے کا کھیل بھی کھیلا، اسی دوران طالبہ نے شہزادہ ولیم سے سوال کیا کہ کیا آپ کو بھی ڈرائنگ بنانے آتی ہے؟ جس کے جواب میں شہزادہ ولیم نے اپنی اہلیہ کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہ سہی لیکن میری اہلیہ کو بہت اچھی ڈرائنگ بنانی آتی ہے۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کو فیس ماسک کے بغیر جبکہ پاکستانی طالبات سمیت پاکستانی خواتین اساتذہ کو فیس ماسک پہنے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن نے اسلام آباد کے ماڈل کالج فار گرلز کی طالبات اور لاہور کے ایس او ایس چلڈرن اسکول کی خواتین اساتذہ سے بہت ہی خوشگوار انداز میں بات چیت کی۔

واضح رہے کہ شاہی جوڑے نے گزشتہ برس 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا پہلا اور تاریخی دورہ کیا تھا، اپنے دورے کے دوران شاہی جوڑے نے اسلام آباد اور لاہور کے اسکولوں سمیت ایوان صدر، وزیر اعظم ہائوس اور چترال کا دورہ بھی کیا تھا۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>