غلطی امیر کرے یا غریب، غلطی غلطی ہوتی ہے، نادیہ حسین


اداکارہ نادیہ حسین نے گزشتہ دنوں ملازمہ کو ڈانٹنے کی وائرل ہونے والی ویڈیو پر موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملازم کی غلطی پر ڈانٹا جاسکتا ہے اور میں نے یہی کیا ۔

نجی خبررساں ادارے کے ساتھ خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے نادیہ حسین نے اس ویڈیو کو ایک کمرشل شوٹ قرار دیا اور کہا کہ اگر یہ حقیقت میں بھی ہوا تو تو میں اپنی ملازمہ کو ایسے ہی ڈانٹتی جیسے میں نے ویڈیو میں اس خاتون کو ڈانٹا کیونکہ بجلی کی غفلت صرف غلطی نہیں جانی نقصان کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائرل ہونےو الی ویڈیو کو لوگ حیثیت کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں، غلطی اور غفلت مالی حیثیت کے حساب سے نہیں ہوتی، غلطی امیر کرے یا غریب ، غلطی ہی رہتی ہے اور غلطی اگر کوئی ملازم کرے تو اس پر مالک یا باس کی جانب سے ڈانٹ ڈپٹ ہوسکتی ہے اور میں نے یہی کیا۔

نادیہ حسین نے کہا کہ ایسی غفلت کی وجہ سے اکثر میرے سیلون میں آلاتی خرابی اور مائیکروویو اوون پھٹنے جیسے واقعات رونما ہوچکے ہیں، میرے گھر میں ایک ملازمہ کی جانب سے بچوں کے کمرے میں ہیر ڈرائیر کو چلتے چھوڑنے کی وجہ ہم کسی بڑے حادثے کا شکار ہوسکتے تھے،ایسی غفلت برداشت نہیں کی جاسکتی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ نادیہ حسین کی اپنی ملازمہ کو ڈانٹ ڈپٹ کی ویڈیو منظر عام پرآئی تھی، ویڈیو میں نادیہ حسین کو اپنی گھریلو ملازمہ پر غصہ کے عالم میں برستے ہوئے دیکھا جاسکتا تھا۔

نادیہ حسین اپنی ملازمہ کو ڈانٹتے ہوئے کہتی ہیں کہ اس نے بجلی کا مین سوئچ آف نہیں کیا تھا اور گھر کی بعض چیزیں بجلی کے جھٹکے لگنے کی وجہ سے خراب ہوگئی تھیں، بجلی کا بل تم نہیں دیتی کتنی بار تمہیں سمجھایا ہے کہ جب بجلی جھٹکے مارے تو مین سوئچ آف کردیا کرو، لیکن تمہاری تو عقل اس موبائل میں ہے، کیا سمجھ نہیں آتی تمہیں۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>