نئی دہلی میں آر ایس ایس کے غنڈوں کا مسجد پر حملہ،مینار پر زعفرانی پرچم لگا دیا

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں فسادات کے دوران انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے مسلمانوں کے گھر نذر آتش کرنے کے بعد مسجد پر حملہ کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی۔


تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ انتہا پسند ہندوؤں نے مشتعل ہو کر مسلمانوں کے گھر نذر آتش کرنے کے بعد مسجد پر دھاوا بول دیا۔ شیئر کی گئی ویڈیو میں انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے مسجد کے مینار پر چڑھ کر لاؤڈسپیکر کو نیچے پھینکتے اور مسجد کے مینار کے اوپر اپنا جھنڈا لگانے کے منظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوؤں کی انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے مشتعل غنڈوں نے اردگرد کے علاقے میں لوٹ مار کی اور متعدد املاک کو شدید نقصان پہنچاتے ہوئے نئی دہلی کے علاقے اشوک وہار میں واقع مسجد پر دھاوا بولتے ہوئے مسجد کے مینار پر ہندو مذہب کا جھنڈا لگا دیا اور اس دوران مشتعل حملہ آور جے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے مسجد کا تقدس پامال کرتے رہے۔

رپورٹ کے مطابق اشوک وہار کے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ انتہا پسند ہندوؤں کے خلاف پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع کے باوجود پولیس کی نفری اور آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ بھی نہیں پہنچا۔ جس کے باعث ہماری املاک جل کر راکھ بن گئیں۔

نئی دلی کے فسادات کے بعد سوشل میڈیا پر کئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں۔ جن میں پولیس کی نفری کو انتہا پسند ہندوؤں کو روکنے کی بجائے ان کی سرپرستی کرتے اور مظاہرین پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ متنازع شہریت قانون کے خلاف نئی دہلی میں مظاہرے جاری ہیں جس میں خواتین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ جن پر ایک روز قبل انتہا پسند ہندوؤں نے حملہ کرتے ہوئے  بدترین تشدد کیا اور مسلمانوں کے گھروں کو آگ لگا دی۔ بھارت میں ہونے والے پرتشدد واقعات میں اب تک پولیس اہلکار سمیت 7 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔


24 گھنٹوں کے دوران 🔥

View More

From Our Blogs in last 24 hours 🔥

View More

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept

>