بھارت: سکول کے بچوں کو پاکستانی اور بنگلادیشی قومی ترانہ یاد کروانے پر تنازعہ

بھارت کے ایک سکول میں بچوں کو پاکستانی اور بنگلادیشی قومی ترانے یاد کرنے کا ہوم ورک دیا گیا جس کے بعد ایک تنازعہ کھڑا ہوگیا اور اسکول کو اپنے سیلیبس کو تبدیل کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث اسکولوں کی بندش دنیا بھر کی طرح بھارت میں بھی جاری ہے، اسی لیے آن لائن سسٹم کے ذریعے بچوں کو گھر بیٹھے واٹس ایپ گروپس کے ذریعے ہوم ورک دیا جارہا ہے، بھارتی ریاست جھاڑکنڈ کے شہر جمشید پور کے ایک مقامی اسکول نے بھی واٹس ایپ گروپ میں بچوں کو پاکستانی اور بنگلہ دیشی قومی ترانے یاد کرنے کا ہوم ورک دیدیا۔

بھارتی چینل زی نیوز کے مطابق اسکول کے ایل کے جی اور یو کے جی کلاسوں کے بچوں کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا ، ایک گروپ کو بھارتی قومی ترانہ، دوسرے کو پاکستانی اور تیسرے کو بنگلہ دیشی قومی ترانے یاد کرنے کا ہوم ورک دیا گیا، بھارت کے علاوہ دیگر قومی ترانے یاد کرنے کیلئے کلاس ٹیچر شائلہ پروین نے یوٹیوب ویڈیوز کے لنکس بھی شیئر کیے تاکہ بچوں کو آسانی ہوسکے، یہی نہیں ہوم ورک میں بچوں کو ان دونوں ممالک کے قومی نشانات یاد کرنے کا بھی ٹاسک دیا ۔

سکول کے آفیشل گروپ میں ان میسجز کو دیکھ کر بچوں کے والدین شدید الجھن میں پڑ گئے اور انہوں نے ان میسجز کے سکرین شاٹس چند گھنٹوں میں ہی سوشل میڈیا پر وائرل کردیئے جس کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور ایک تنازعہ کھڑاکردیا۔

معاملہ میڈیا معاملے کی گرمی کو دیکھتے ہوئے ٹیچر شائلہ پروین سے رابطہ کیا تو انہوں نے سارا ملبہ سکول انتظامیہ پر ڈال دیا اور کہا کہ ہوم ورک اسکول انتظامیہ کی مرضی کے مطابق مرتب کیا جاتا ہے، تاہم اس ٹاپک کو ہوم ورک کا حصہ بنانے کا مقصد بچوں کی جنرل نالج میں اضافہ کرنا تھا، اسکول انتظامیہ کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ معاملہ اتنا متنازعہ ہوجائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق والدین اور سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کے بعد اسکول کی جانب سے اس ٹاسک کو واپس لے لیا گیا ہے، تاہم کچھ لوگ اسکول انتظامیہ سے بد زن ہوگئے ہیں اور سوشل میڈیا پر ذمہ داران کی نشاندہی کے بعد انہیں سزا دینے کیلئے ایک مہم جاری ہے۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شوندرا کمار کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر ہمارے پاس کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں پہنچی، تاہم اسکول انتظامیہ کی جانب سے ان دو ممالک کے قومی ترانوں کو یاد کروانے کا ہوم ورک بچوں کو دینا غلط قدم ہے، ایسی چیزیں بھارت کے اسکولوں میں نہیں سکھائی جاسکتی، اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف ضروری ایکشن لیا جائے گا۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>