بیروت: دلہا دلہن نے فوٹو شوٹ کے دوران ہی دھماکہ ہو نے پر کیسے جان بچائی؟

بیروت: دلہا دلہن نے فوٹو شوٹ کے دوران ہی دھماکہ ہو نے پر کیسے جان بچائی؟

لبنان کے دارالحکومت بیروت کی بندرگاہ کے قریب گزشتہ روز انتہائی خوفناک دھماکہ ہوا،دھماکے کی جگہ پر آتش گیر مواد بھی موجود تھا جس کی وجہ سے متعدد چھوٹے چھوٹے دھماکوں کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا، اس دھماکے میں اب تک سو سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی آواز دوسرے شہر تک سنی گئی اور دھماکے کی وجہ سے شہر کے بڑے حصے میں تباہی ہوئی ہے، اس دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں کو مختلف مقامات پر نصب کیمروں نے اپنی آنکھ میں قید کرلیا جسے دیکھنے والوں کے دل دہل جاتے ہیں۔

یہ تمام ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں، ان ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے دھماکے سے چند لمحہ پہلے کا سکون، بے فکری اور خوشیاں کیسے ایک چٹکی میں مٹی کا ڈھیر بن گئیں۔

پہلی ویڈیو بیروت شہر میں ہونے والی ایک شادی کی ہے جس میں دلہا دلہن  کا فوٹو شوٹ چل رہا ہے اور پھر اچانک دھماکہ ہوتا ہے اور کیمرہ مین سمیت سب لوگ کسی محفوظ پناہ گاہ کی تلاش میں ادھر ادھر بھاگنا شروع کردیتے ہیں۔

دوسری ویڈیو ایک گھر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے سے لی گئی جس میں ایک عورت گھر کی بالکونی پر صفائی میں مصروف ہے اور قریب ہی ایک چھوٹی بچی کھیل رہی ہے اچانک دھماکے سے بالکونی کی ایک ایک چیز تباہ ہوجاتی ہے وہ عورت بغیر کچھ سوچے سمجھے بچی کو اٹھا کر اندر کی طرف بھاگ جاتی ہے تاکہ اسے بچایا جاسکے۔


تیسری ویڈیو دیکھ کر کمزور دل افراد یقینا شاک میں چلے جائیں گے ، پریشانی کے وقت جب کسی قسم کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بھی کام نہیں کرتی تو انسان کیسے اپنی اولاد کیلئے خود کو ڈھال بنالیتا ہے،یہ ویڈیو کسی گھرکے اندرونی حصے کی ہے جہاں دھماکے کے بعد ایک باپ نے اپنے بچےکو سینے سے لگا کر چھپایا ہوا ہے اور ادھر ادھر بھاگ رہا ہے، جیسے ہی اسے مزید دھماکے کے مزید اثرات محسوس ہوئے اس نے اپنے بچے کو قریب موجود ایک ٹیبل کے نیچے دھکیل کے خود بھی اس کے ساتھ وہاں گھس کر بیٹھ گیا۔

اگلی ویڈیو کسی فلیٹ کی ہے جہاں ایک عورت تین بچوں کے ہمراہ فلیٹ کی فرنٹ سائیڈ پر شیشوں کے پار دیکھنے میں مصروف ہیں، بچے بھی باہر کسی چیز کو بہت ہی انہماک سے دیکھ رہے ہیں، اچانک وہ کسی چیز کو دیکھ کر سہم جاتے ہیں اور اگلے ہی لمحے شیشے کی کھڑکیاں اپنے پورے وزن سمیت ان پر آن گرتی ہیں، ایک بچہ خود کو بچاتے ہوئے پیچھے بھاگتا ہے جبکہ عورت ، اس کی گود میں موجود بچہ اور ایک بڑا بچہ شیشے کے نیچے دب جاتے ہیں وہ سب زور زور سے چیختے چلاتے ہیں پھر عورت شیشے کو ہٹا کر تینوں بچو ں کو لے کر اندر کی طرف بھاگ جاتی ہے۔

یہ ویڈیو  دھماکے کے بعد کی ہے ایک گھر کی ایک ایک چیز اس دھماکے کی شدت اور اس سے ہونے والی بربادی کا چیخ چیخ کر ثبوت دے رہی ہے اسی گھر کے ایک کونے میں  ایک بوڑھی خاتون پیانو پر ایک اداس سی دھن بجانے میں مصروف ہے جبکہ گھر کے دیگر افراد  بچ جانے والی صحیح چیزوں کو ایک طرف کرنے اور  بے کار چیزوں کو الگ کرنے میں مصروف ہیں۔

یہ تمام مناظر دیکھ کر ایک لمحے کیلئے انسان کا دل رک سا جاتا ہے، جب دیکھنے والوں کو یہ حال ہوگا تو جن پر گزری ہے ان کا کیا حشر ہوگا؟ دعا کیجئے کہ اللہ پاک ان سب کے حال پر رحم کرے اور ان کی حفاظت فرمائے، آمین۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>