فلسطینی شہریوں نے یو اے ای کے وفد کو مسجد اقصیٰ سے باہر نکال دیا

معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر فلسطنیوں کے وادی الحِلوہ انفارمیشن پیج پر جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی پولیس اہلکاروں کے حصار میں مسجد اقصیٰ آنے والے اماراتی وفد کو فلسطینی عوام کے احتجاج کے دباؤ کی وجہ سے مسجد اقصیٰ سے نکلنا پڑا۔

جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلسطینی شہری یو اے ای کے وفد سے اسرائیل کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بارے میں تندو تیز سوالات کر رہے ہیں اور انہیں مسجد اقصیٰ سے نکلنے کا کہہ رہے ہیں۔ اماراتی وفد کا یہ دورہ امریکا میں اسرائیل کے ساتھ بحرین اور یو اے ای کے معاہدے کے بعد ہوا ہے۔

فلسطینی حکومت پہلے ہی اس معاہدے کو مسترد کرچکی ہے۔ گزشتہ دنوں فلسطین کی کابینہ میں بھی یہ سوال اٹھایا گیا تھا کہ بعض عرب ممالک کے وفود اب مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیل کے زیر انتظام حصے کی جانب سے آتے ہیں جب کہ نمازیوں کو اس حصے میں داخل نہیں ہونے دیا جاتا۔

فلسطینی وزیر اعظم محمد شتیہ کا کہنا تھا کہ جسے بھی مسجد اقصیٰ میں داخل ہونا ہے تو اس کے اصل متولیوں کے دروازے سے داخل ہو، اسرائیل کی جانب سے داخل ہونے سے گریز کرے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات او بحرین کے سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد فلسطین سمیت دیگر مسلم ممالک میں ان معاہدوں سے متعلق شدید بے چینی پائی جاتی ہے مگر یہ معاہدے کرنے والے ممالک امریکا سے مالی اور اسٹریٹیجک مفادات کے تحت ان معاہدوں کا حصہ بن رہے ہیں۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >