قطری حکومت نے اپنے وزیرخزانہ کو سنگین نوعیت کے الزامات پر گرفتار کر لیا

قطر کے وزیر خزانہ علی شریف العمادی کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ کو اختیارات سے تجاوز اور پبلک فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کے وزیر خزانہ علی شریف العمادی کے خلاف اختیارات سے تجاوز اور پبلک فنڈز کے غلط استعمال کی تحقیقات جاری تھیں جس میں ان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے گئے جب کہ وزیر خزانہ کی گرفتاری کے بعد ان کو فوری طور پر ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔

پبلک سیکٹر میں جرائم کا مرتکب ہونے اور دیگر دستاویزات سے الزامات ثابت ہونے پر قطری اٹارنی جنرل نے وزیر خزانہ کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے جب کہ وزیر خزانہ کے خلاف جاری تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ کی گرفتاری کے احکامات کےبعد قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے علی شریف کو فوری طور پر وزارت خزانہ کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کرنے کا حکم جاری کیا۔

قطری امیر نے وزیر تجارت علی بن احمد کو وزیر خزانہ کی اضافی ذمہ داریاں سونپنے کا اعلان کیا ہے۔

 واضح رہے کہ قطر میں اس سے قبل بھی بدعنوانی کے سلسلے میں اعلیٰ سطح پر گرفتاریاں عمل میں لائی جا چکی ہیں تاہم سرکاری ذرائع نے بتایا کہ امیر شیخ تمیم بن حماد کی حکمرانی میں عمادی اس طرح کے الزامات کا سامنا کرنے والی اعلیٰ ترین شخصیت ہیں۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >