ماں ماں ہی ہوتی ہے، اپنے بچوں کو بچانے کیلئے مرغی کا سانپ پر حملہ،ویڈیووائرل

قدرت نے ماں کے رشتے کو محبت سے گوندھا ہے ، ماں کسی بھی مخلوق کی ہو اپنی اولاد کے تحفظ کیلئے خود سے بڑی مصیبت سے بھی لڑنے سے نہیں گھبراتی، انسانوں کے علاوہ جانوروں میں ماں کی محبت کی ایک جیتی جاگتی مثال سامنے آئی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں ایک مرغی کو زہریلے سانپ کے منہ سے اپنے بچوں کو بچاتے اور سانپ کو دور بھگانے کی جدوجہد واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مرغی اپنے بچوں کے ساتھ موجود ہے کہ ایک زہریلا سانپ ان چوزوں کو اپنی خوراک بنانے کیلئے ان کی طرف لپکتا ہے مگر اس کے علم میں یہ نہیں ہوتا کہ معصوم سی مرغی بھی اپنی اولاد کو بچانے کیلئے اس جیسے زہریلے سانپ سے بھڑ جائے گی۔

سانپ جیسے ہی چوزوں کے قریب پہنچتا ہے مرغی اس پر اتنا شدید حملہ کرتی ہے کہ سانپ کا سنبھلنا مشکل ہوجاتا ہے، مرغی ایک حملے پر ہی اکتفا نہیں کرتی بلکہ اس وقت تک اس کے پھیلتے پھن کو اپنے پنجوں اور چونچ سے چوٹ پہنچاتی رہتی ہے جب تک سانپ وہاں سے فرار ہونے میں عافیت نہیں سمجھتا۔

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو شیئر کرنے والے صارف نے لکھا کہ یہ ویڈیو دیکھ کر ثابت ہوتا ہے کہ محبت کا جذبہ ڈر سے بہت مضبوط ہے۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >