راولپنڈی میں چوہوں کی بہتات،شہر میں طاعون پھیلنے کا خطرہ

راولپنڈی میں چوہوں کی بہتات،شہر میں طاعون پھیلنے کا خطرہ

راولپنڈی کے گنجان آباد علاقوں بنی ، وارث خان ، ڈھوک کھبہ ، آریا محلہ ، مدن پورہ ، شاہین پورہ ، راجہ بازار ، باڑہ بازار ، گنج منڈی ، نمک منڈی ، اردو بازار ، بھابرا بازار ، بوہر بازار ، اور موتی بازار میں موٹے تازے چوہوں کی آبادی میں غیر معمولی اضافے نے یہاں کے رہنے والوں اور کاروباری افراد کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔

گزشتہ 2 ماہ کے دوران ان علاقوں سے چوہوں کے کاٹنے کے کئی واقعات کو اسپتال میں رپورٹ کیا گیا اور ان کی ویکسین لگائی گئی۔ اس حوالے سے محکمہ صحت نے بھی تصدیق کی ہے کہ کچھ عرصے کے دوران چوہوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ان سے متاثرہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

ان علاقوں کے مکینوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو کی جانے والی شکایات میں شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ چوہے اتنے بڑے ہیں کہ بلیاں ان کا شکار کرنے سے ڈرتی ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ان کی دکانیں بند رہیں جن سے چوہوں کی تعداد میں بے حد اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے ان کی لاکھوں روپے مالیت کی خوردنی اور غیر خوردنی اشیا کو نقصان پہنچایا ہے۔

شہریوں اور دکانداروں نے راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ چوہوں کو ختم کرنے کے لیے ایک باقاعدہ مہم شروع کی جائے۔ دوسری طرف ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے پاس اس مسئلے سے نمٹنے کا کوئی حل موجود نہیں ہے۔ جبکہ اسی وجہ سے راولپنڈی کی انتظامیہ نے درخواستگزار شہریوں اور دکانداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں اس سے چوہوں کی آبادی میں کمی ہو جائے گی۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>