علاقے میں وبا پھیلی ہے،اسی لیے سیل کیا گیا ہے،ایکشن پر مجبور نہ کریں،فوج کی وارننگ

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بہارہ کہو میں کرونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد آرمی نے علاقہ سیل کر دیا اور لوگوں کی آمدورفت معطل کردی۔

تاہم قومی وزارت صحت کی جانب سے کیسز  کی تصدیق نہیں کی گئی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ تمام نئے کیسز پمز میں رپورٹ کیے جاتے ہیں پھر وہ این آئی ایچ جاتے ہیں اور این آئی ایچ حتمی رپورٹ وزارت صحت کو بھیجتی ہے۔  این آئی ایچ کے چیف ڈاکٹر سلمان کا کہنا تھا کہ بہارہ کہو سے سامنے آنے والے کیسز کی تفصیلات سے متعلق ان کے پاس کوئی معلومات نہیں ہیں۔

بہارہ کہو میں کرونا وائرس کی وباء پھیلنے کے باعث آرمی نے علاقے کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے علاقے کو کلیئر کروانا شروع کر دیا اور لوگوں کو گھروں کی جانب بھیجتے ہوئے اعلان کیا کہ تمام لوگ گھروں میں ہی رہیں کیونکہ اس علاقے کو حکومت کے احکامات کی وجہ سے سیل کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے ایک عہدیدار کا بتانا تھا کہ بہارہ کہو کے علاقے میں واقع ایک مسجد میں مقیم تبلیغی جماعت کے تقریبا 11 افراد میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد ہم کوٹ ہتھیال کے علاقے کو مکمل لاک ڈاون کر رہے ہیں۔ تاکہ اس وباء کو دوسرے علاقوں میں پھیلنے سے روکا جائے۔

پولیس اہلکار کا اپنے بیان میں  کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت کے گروہ میں ایک غیر ملکی بھی شامل تھا جن کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جنہیں آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔تبلیغی جماعت کے افراد نے تبلیغ کے سلسلے میں علاقے کے مختلف لوگوں سے ملاقات بھی کی جس کے بعد پورے علاقے کو قرنطینہ میں تبدیل کرکے لوگوں کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں ۔

اس سے قبل ضلعی انتظامیہ نے تبلیغی جماعت کے متعدد افراد میں پیر 23 مارچ کو کرونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد بہارہ کہو کے کوٹ ہتھیال میں لوگوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>