اسلام آباد کے متعدد علاقوں اور گلیوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

اسلام آباد کی متعدد گلیوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ،جانئے اسلام آباد کے کون کونسے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا کا پھیلاؤ ایک بار پھر بڑھا تو اقدامات بھی مزید تیز کردیئے گئے،گزشتہ روز کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث مختلف گلیاں سیل کرنے کیلئے سرکاری مراسلہ لکھا گیا اور مذکورہ علاقوں کے رہائشیوں کو راشن و دیگر اشیاء ضرویہ کی خریداری کے لئے آج تک کی مہلت دے دی گئی جس کے بعد اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ2 کی گلی نمبر 25 اور 29 سیل کردی گئی جبکہ جی ٹین 4، سواں روڈ کی گلیاں 38، 44، 45،46، 47 اور 48 بھی سیل کردی گئی ہیں۔۔جبکہ سیکٹر جی نائن فور کی 85 اور 89 گلیاں سیل کردی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر کی 10 گلیاں سیل کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ڈی ایچ او کی جانب سے ڈی سی کو لکھے گئے مراسلہ میں کہا گیا تھا کہ وفاقی دارلحکومت میں ایک دن میں 88 کیسز سامنے آنے کے بعد سیکٹر جی ٹین فور کی 38، 44، 45، 46، 47 اور 48 سیکٹر آئی ایٹ ٹو کی گلیاں 25 اور 29 جب کہ سیکٹر جی نائن فور کی 85 اور 89 گلیاں سیل کردی جائیں، گلیوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن لگانے کی استدعا کرتے ہوئے مزید کہا گیا تھا کہ وقت پرلاک ڈاؤن لگانے سے کورونا کیسز کے پھیلاؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

گزشتہ روز 173 مقامات کے معائنے کیے گئے،ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 32 ریسٹورنٹس، 47 دکانیں، ایک ورکشاپ سیل کردئیے گئے ہیں جب کہ 17 شادی ہالز کووارننگ دی گئی ، کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر 78 ہزار جرمانے کیے گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کی جانب سے امتحانات ملتوی کردیئے گئے، نوٹی فکیشن کے مطابق یونیورسٹی سے ملحقہ کالجز میں بی اے، بی کام اور بی ایس سی کے سالانہ امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں، سینٹرز کے بند ہونے کی وجہ سے 12 اکتوبر سے شروع ہونے والے امتحانات نہیں ہوسکیں گے،نوٹی فکیشن میں کہا گیاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے امتحانات کو ملتوی کیا گیاجب کہ ملتوی ہونے والے امتحانات کے لیے نیا شیڈول جلد ہی جاری کیا جائے گا۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>