خیبرپختونخوا صحت کارڈ کورونا کے علاج کیلئے بھی کارآمد ہوگا

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں صحت کارڈ پر کورونا کے مریضوں کا علاج بھی کیاجائے گا۔

مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا شکار افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے ایک اور کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صحت کارڈ پروگرام کے تحت کورونا وائرس کا شکار مریضوں کا علاج بھی ممکن ہوگا۔

وزیر صحت نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کوروناو وائرس کی تیسری لہر کے دوران صوبے میں مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح کو قابو کرنے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مثبت کیسز کی شرح میں کمی لاکر ہم ہیلتھ کیئر سسٹم پرسے دباؤ کو کم کرسکتے ہیں، صحت کارڈ کے ذریعے کورونا کے مریضوں کے علاج کے حوالے سے مزید تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ کوروناو ائرس کی تیسری لہر کے دوران صوبہ خیبرپختونخوا شدید متاثر نظر آرہا ہے، صوبے میں مثبت کیسز کی شرح10.04 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور تازہ ترین ہلاکتوں کی تعداد20 ہوگئی ہے۔خیبرپختونخوا میں پشاور، سوات ، نوشہرہ اور دیگر شہر سب سے زیادہ متاثر ہیں، بعض شہروں میں کرونا کیسز کی شرح 25 فیصد سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>