کورونا ویکسین سے امیرممالک مستفید، غریب نظرانداز،عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت نے ایک بار پھر کورونا ویکسین کی غیرمنصفانہ تقسیم پر تحفظات کا اظہار کردیا،عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس نے دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی امیر اور غریب ممالک میں غیر منصفانہ تقسیم پر کہا کہ امیر اور غریب ممالک کے درمیان کورونا وائرس ویکسین کی تقسیم میں چونکا دینے والا عدم توازن ہے۔

ڈبلیو ایچ او سربراہ ٹیڈروس نے کہا کہ مالدار ممالک میں ہر 4 میں سے ایک فرد کے لیے کورونا ویکسین مل گئی جب کہ غریب ممالک میں ہر 500 میں سے صرف ایک فرد کے لیے ویکسین ملی،ہمیں امید تھی کہ اس سال مارچ کے آخر تک کورونا ویکسین کی 10 کروڑ خوراکیں غریب ممالک کو موصول ہوجائیں گی لیکن اب تک صرف 3 کروڑ 80 لاکھ خوراکیں فراہم کی جاسکی ہیں۔

ڈبلیو ایچ او غریب ممالک کو کورونا ویکسین کی فراہمی کے پروگرام ’’کوویکس اسکیم‘‘ کی بھی نگرانی کر رہی ہے اور 92 غریب ممالک تک کورونا ویکسین کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

دنیا بھرمیں کورونا سے ایک روز میں ساڑھے گیارہ ہزار افراد ہلاک ہوگئے، مجموعی اموات انتیس لاکھ انتالیس ہزار سے بڑھ گئیں، وائرس نے مزید ساڑھے آٹھ لاکھ افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،مجموعی کیسز تیرہ کروڑساٹھ لاکھ تک پہنچ گئے۔

برازیل میں چھیاسی ہزار کیسز اور ڈھائی ہزار اموات ہوئیں۔ امریکا میں اناسی ہزار افراد وائرس کا شکار اور سات سو چالیس اموات ہوئیں، فرانس میں بھی کیسز بڑھ گئے، ستانوے ہزار افراد میں تصدیق ہوگئی، ترکی میں پچپن ہزار،جرمنی میں چھبیس ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

بھارت میں مزید ایک لاکھ اکتیس ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ ریاست مہاراشٹر،چھتیس گڑھ،اترپردیش،دہلی،کرٹانک،تامل ناڈو، کیرالا،مدھیہ پردیش،گجرات،راجستھان میں کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے،بھارت میں ٹیکہ استاسو ویکسی نیشن مہم جاری ہے ،ایک روز میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ بھارت ایک روز میں سب سے زیادہ ویکیسن لگانے والا دوسرا ملک بن گیا۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>