بھارتی تجزیہ کار کورونا کے دوران عمران خان کے کردار کو مودی پر ترجیح دینے لگے؟

بھارتی تجزیہ کار کورونا کے دوران عمران خان کے کردار کو مودی پر ترجیح دینے لگے؟

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا کے مریضوں کی عیادت اور سہولیات کی جانچ کے بعد بھارت کے تجزیہ کار بھی ان کے وبائی صورتحال میں ادا کیے گئے کردار کے معترف ہو گئے۔ اشوک سوائن نے موازنہ کرتے ہوئے ان کے بطور وزیراعظم کردار کو نریندر مودی سے بہتر قرار دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے پیر کے روز پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد کے کورونا وارڈ کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور کورونا وارڈ میں دستیاب طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم نے کورونا وارڈ میں حفاظتی کٹ سمیت دیگر طبی سامان کی دستیابی کا جائزہ لیا اور مریضوں سے علاج معالجے کی سہولتوں سے متعلق دریافت کیا۔ عمران خان نے پمز اسپتال کی انتظامیہ سے آکسیجن اور ادویات کی دستیابی کے حوالے سے بھی استفسار کیا۔

معروف بھارتی تجزیہ کار اشوک سوائن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کے اس دورے سے متعلق کہا کہ وزیراعظم پاکستان کورونا کے مریضوں کی عیادت کر رہے ہیں اور اسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لیتے نظر آ رہے ہیں۔

اشوک سوائن نے مزید کہا کہ قیادت کرنے کا مطلب صرف تقریریں کرنا نہیں ہوتا بلکہ مشکل وقت میں اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونا اور کام کرتے نظر آنا ہی قیادت ہے۔

اشوک سوائن نے دراصل بھارتی وزیراعظم اور عمران خان کا موازنہ کرتے ہوئے یہ ٹوئٹ کیا کیونکہ دوسری جانب اگر نریندر مودی کو دیکھا جائے تو وہ کہیں سامنے نظر نہیں آتے اور صرف بیان بازی ہی کرتے ہیں۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں لوگوں نے اشوک سوائن کے مؤقف کی تائید کی اور وزیراعظم عمران خان کے کردار کو سراہا اور نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی الیکشن میں ووٹ مانگنے کے لیے ہر گلی ہر نگر جاتے ہیں۔

ایک دوسرے صارف نے کہا کہ نریندر مودی کورونا وائرس سے ڈر کر بیٹھے ہیں۔

شاریق نامی صارف نے کہا کہ مودی اپنی الماری میں چھپے بیٹھے ہیں تاکہ سب کچھ معمول پر آ جائے اور اس کے بعد وہ میڈیا پر آکر بیان بازی کر سکیں۔

بابیتا نامی صارف نے ایک قول شیئر کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کرنے والے کی عقل اور عمل سے اس کی قابلیت کا اندازہ لگتا ہے۔

علی رضا نے کہا کہ عمران خان ہی اصل لیڈر ہیں۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>