کورونا وائرس کی بھارتی قسم 80 ممالک میں پھیلنے کا انکشاف

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا وباء کی بھارتی قسم یعنی ’’ڈیلٹا ویریئنٹ‘‘ اب تک 80 ممالک میں پھیل چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت میں کورونا وباء سے متعلق تکنیکی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر ماریا وان کرخوف نے کورونا وباء کی نئی اقسام پر انٹرویو دیا جو گزشتہ روز ٹوئٹر پر شائع ہوا۔

انٹرویو میں ڈاکٹر ماریا نے انکشاف کیا کہ ’’ڈیلٹا ویریئنٹ‘‘ سمیت اب تک کورونا وباء کی چار نئی اقسام سامنے آچکی ہیں جو کہ اصل کووِڈ 19 کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ڈاکٹر ماریا کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کا ڈیلٹا ویریئنٹ بہت تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کی وجہ سے یہ خطرہ ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر جاری نہ رکھی گئیں تو یہ جلد ہی پوری دنیا میں پھیل جائے گا۔

ڈیلٹا ویریئنٹ کورونا وباء کی بھارتی قسم ہے جو پچھلے سال بھارت سے پھیلنا شروع ہوئی تھی۔ اسی قسم کو بھارت میں کورونا وائرس کی حالیہ اور تیسری خطرناک لہر قرار دیا جارہا ہے۔

ڈیلٹا ویریئنٹ کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئےڈاکٹر ماریا کا کہنا تھا کہ اگر یہ زیادہ آسانی سے پھیل سکتا ہے، تو زیادہ لوگ بھی اس سے تیزی کے ساتھ متاثر ہوسکتے ہیں؛ اور اگر نظام پر دباؤ بڑھتا رہا تو یہ صحت سے متعلق نظام کےلیے ناقابلِ برداشت نقصان کی وجہ بن سکتا ہے۔

ڈاکٹر ماریا نے کورونا ویکسین کے تسلی بخش نتائج کے پیش نظر کہا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ موجودہ کورونا ویکسین وباء کی نئی قسم ڈیلٹا ویریئنٹ کے خلاف بھی مؤثر ہیں لہذا بہتر ہے کہ کورونا وباء کے مکمل طور پر ختم ہوجانے تک ویکسینیشن کے ساتھ ساتھ احتیاط بھی جاری رکھی جائے۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >