کورونا وائرس کی بھارتی قسم کے خلاف چینی ویکسین بھرپور مؤثر ہے؟ ماہرین کا دعویٰ

سری لنکا کی ایک یونیورسٹی کے ماہرین نے چین کی تیار کردہ سائنو فارم ویکسین کے کورونا وائرس کی بھارتی قسم کے خلاف انتہائی مؤثر ثابت ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

چینی اور خلیجی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سری لنکا کی جے وردنے پورہ یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک تحقیق پتہ چلایا ہے کہ 95 فیصد افراد جنہیں سائنو فارم ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں ان میں اتنی ہی اینٹی باڈیز پیدا ہو تی ہیں جتنی کورونا وائرس کا شکار کسی مریض میں ہوتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق سائنو فارم ویکسین لگوانے والے 20 سے 40 برس کے 98 فیصد افراد میں اینٹی باڈیز پیدا ہوئیں۔ تحقیق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا کی سائنو فارم ویکسین سے 60 سال سے زائد عمر کے 93 فیصد افراد میں بھی اینٹی باڈیز پیدا ہوئیں۔

دوسری جانب ایک برطانوی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی فائزر ویکسین کی 2 خوراکیں ڈیلٹا ویرینٹ یعنی بھارتی قسم کے کورونا وائرس کے خلاف 88 فیصد مؤثر رہیں۔

تحقیق میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی ایسٹرازینیکا ویکسین کی 2 خوراکیں ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف 60 فیصد مؤثر رہیں۔ ڈیلٹا ویرینٹ کے خلاف فائزر ویکسین کی ایک خوراک 36 فیصد جبکہ ایسٹرازینیکا کی ایک خوراک 30 فیصد مؤثر رہی۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>