کرونا وائرس: پنجاب میں بھی صورتحال دوبارہ صورتحال تشویشناک

پنجاب میں کورونا وائرس کی شرح اور کیسز میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 4.8 سے 5.8 تک پہنچ گئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 7.5 فیصد جبکہ راولپنڈی میں 23.9، فیصل آباد میں 4.3 اور سیالکوٹ میں 5.5 فیصد ہے۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ سارہ اسلم کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ایک ہزار173 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد صوبہ بھر میں کورونا کیسز کی ٹوٹل تعداد 3لاکھ 60ہزار494 ہو گئی ہے اوراس وقت فعال کیسز کی تعداد 15 ہزار 69 ہے۔

گزشتہ روز لاہور میں کورونا سے 5 افراد جاں بحق ہوئے اور صوبہ بھر میں کورونا وائرس سے 18 اموات ہوئیں ، جس کے بعد پنجاب میں اموات کی تعداد 11ہزار 120 پر پہنچ گئی ہے۔

صرف کل کے روز لاہور میں537، راولپنڈی میں 240 ، فیصل آباد میں 64 ، سیالکوٹ میں 58، ملتان میں 42، رحیم یار خان 39 ، گجرانوالہ میں 20، بہاولپور میں 17 اور ڈی جی خان میں 16 کیسز سامنے آئے۔ شیخوپورہ اور وہاڑی میں 12،12کیسز رپورٹ ہوئے۔ گجرات، اوکاڑہ اور راجن پور میں 11،11، ساہیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 10،10 جبکہ بھکر اور مظفرگڑھ میں 7،7، حافظ آباد اور میانوالی میں 6،6 جبکہ چینوٹ میں 5 کیسز سامنے آئے۔

دوسری جانب پاکستان بھر کی بات کی جائے تو ایک دن میں مزید 60 افراد کرونا کے باعث انتقال کرگئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران 62 ہزار 462 ٹیسٹ کئے گئے۔ ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد75 ہزار 373 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 52 ہزار 616 ہے۔ جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کےمجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 53 ہزار 660 ہوگئی ہے۔ اس وقت 4 ہزار 275 مریض 639 اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں۔

اسلام آباد میں 37 فیصد، پشاورمیں 31 فیصد، گوجرانوالہ میں 30 فیصد، بہاولپور میں 40 فیصد وینٹیلیٹرز بھر چکے ہیں۔ حیدرآباد میں 44 فیصد، ایبٹ آباد 70 فیصد، کراچی 63 فیصد اور اسکردو 49 فیصد آکسیجن بیڈز پر مریض موجود ہیں۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>