سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدوں سے روک دیا

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کو تمام حج معاہدوں سے روک دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت حج کے وزیر کا کہنا ہے کہ اگر ممکن ہو سکا تو حج ضرور ہوگا۔ تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بڑھتے خطرات کے باعث فی الحال حج معاہدے کو روکا جا رہا ہے۔

وزارت مذہبی امور پاکستان کو سعودی وزیر حج کی جانب سے مراسلہ بھیجا گیا ہے جس میں سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر فی الحال کسی قسم کے حج معاہدے نہ کریں جب کہ سعودی عرب کے حکام نے اس صورحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے تاہم صورت حال بہتر ہوتے ہیں آپ کو حج معاہدے کرنے کے حوالے سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب مذہبی امور پاکستان کے ترجمان عمران بشیر صدیقی کا سعودی وزیر حج کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے کے بعد پاکستان کی مذہبی امور کمیٹی نے حج کے تمام معاہدوں کو روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی جانب سے سعودی وزیر حج کے ساتھ رابطہ بھی کیا گیا ہے جس پر سعودی حج وزیر نے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کو یقین دہانی کرائی کہ اگر ممکن ہوسکا تو حج ضرور ہوگا۔

یاد رہے کہ دو روز پہلے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سوشل میڈیا پر حج انتظامات روکنے کے حوالے سے گردش کرتی جھوٹی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی حج انتظامات روکنے کے حوالے سے خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔ جبکہ سعودی حکام ایسے اعلانات کرنے سے پہلے بڑے مسلم ممالک سے ضرور مشاورت کریں گے۔ بعدازاں وزیر مذہبی امور نے اس امید کا اظہار بھی کیا تھا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ حج کے ایام تک تمام معاملات بہتری کی جانب گامزن ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت نے کرونا وائرس کی عالمی سطح پر بڑھتی وباء کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن کر رکھا ہے۔تاہم لاک ڈاون کے باوجود سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 900 تک پہنچ چکی ہے جب کہ 2 افراد جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔


24 گھنٹوں کے دوران 🔥

View More

From Our Blogs in last 24 hours 🔥

View More

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept

>