پاکستان کی آئی ٹی سروسز کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ

پاکستان کی آئی ٹی سروسز کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ

پاکستان انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنی سروسز کی برآمدات میں 25اعشاریہ 75 فیصد کا ریکارڈ اضافہ کیا ہے، آئی ٹی سروسز کی برآمدات میں اضافہ کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق کا کہنا تھا کہ وزارت آئی ٹی کے ماتحت کام کرنے والے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ نے اہم کامیابی حاصل کی ہے، جس میں انہوں نے اپنی آئی ٹی کی سروسز کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ کیا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ آئی ٹی سروسز کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ کے باعث ایک ارب 11 کروڑ ڈالر کی ترسیلات حاصل کی ہیں، جو مالی سال 19-2018 کے مقابلہ میں مالی سال 2019-20 میں ایک ریکارڈ اضافہ ہے، گزشتہ مالی سال19-2018 میں آئی ٹی برآمدات سے حاصل ہونے والی ترسیلات زر 917.875 ملین ڈالر تھی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، برآمدی ترسیلات میں سامنے آنے والا ریکارڈ اضافہ دیگر شعبہ جات کو سہولیات دینے کا نتیجہ ہے، وزرات آئی ٹی کے تحت، ترسیلات کال سینٹرز اور کمپیوٹر سروسز کی مد میں حاصل کی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر امین الحق نے خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ 2025 تک ہم آئی ٹی اور متعلقہ سروسز کے لئے صفر انکم ٹیکس کی سہولت لا رہے ہیں، اس کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سو فیصد مالکانہ حقوق اور منافع باہر لے جانے کی سہولت بھی مہیا کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے سات ماہ میں ترسیلات کا بڑا حصہ سافٹ ویئر کنسلٹنسی سروسز کے تحت حاصل ہوا ہے جس کی برآمدات 12 فیصد اضافے سے 15 کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہوچکی تھی، اس کے علاوہ گزشتہ مالی سال میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز کی درآمدات 18.5 فیصد اضافے سے 51 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہر سال 10 ہزار سے زائد نئے ایپلیکیشن ڈیویلپرز اور فری لانسرز افرادی قوت میں داخل ہو رہے ہیں جبکہ پاکستان میں پانچ ہزار کے قریب آئی ٹی کمپنیاں ہیں جو 100 سے زائد ممالک کو مختلف سروسز فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کے پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر 10 ارب ڈالر کی برآمدات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو آنے والے پانچ سالوں میں لاکھوں افراد کو روزگار مہیا کر سکتا ہے۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >