تشویشناک حالت والے کورونا مریضوں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے: وفاقی وزیر اسد عمر

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اب کورونا سے تشویشناک حالت والے کورونا مریضوں کی تعداد دن بہ دن کم ہو رہی ہے۔ ملک میں وینٹی لیٹر اور آکسیجن پر انحصار کرنے والے تشویشناک حالت سے دوچار مریضوں کی تعداد میں 28 فیصد کمی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹویٹ کیا کہ 20 جون کو پاکستان بھر میں کورونا کے 2969 مریض آکسیجن پر اور 546 وینٹی لیٹر پر تھے۔ اب آکسیجن پر 1762 اور وینٹی لیٹر پر 394 ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن، ایس او پیز پر عمل کے لیے انتظامی کارروائیوں اور سب سے اہم عوام کے بہتر طرز عمل سے یہ نمایاں کامیابی ہاتھ لگی ہے۔

وفاقی وزیر اسدعمر نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنا ہم سب کے اجتماعی اختیار میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر لوگ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں گے تو صحت کی حفاظت بھی ہو گی اور روزگار بھی چلتا رہے گا. ورنہ جو امریکہ، برازیل اور بھارت جیسے ممالک میں ہو رہا ہے خدانخواستہ ہمارے یہاں بھی ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں سندھ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے، جہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ دو ہزار 368 ہوگئی، جبکہ 1713افراد جاں بحق ہوچکے ہیں،سندھ میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد59ہزار 165 ہوچکی ہے ۔

پنجاب میں 85 ہزار 991 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ 1985 افراد زندگی کی بازی ہارگئے ، 53ہزار 836افراد صحتیاب ہوچکے ہیں ۔

خیبرپختونخوا میں کرونا کیسز کی تعداد 29ہزار775 ہے، 1074 افراد جاں سے گئے، صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 20 ہزار 271 ہوچکی ہے ۔

بلوچستان میں کرونا کے 11 ہزار128 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 126 اموات ہوچکی ہیں، صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد7 ہزار 224 ہے،اسلام آباد میں 13ہزار 927 افراد میں وائرس کی تصدیق اور 147 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں،وفاقی دارالحکومت میں 10 ہزار441 متاثرین صحتیاب ہوچکے ہیں ۔

گلگت بلتستان میں1630 افراد متاثر اور36 افراد جاں بحق ہوئے، 1303 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں،آزاد کشمیرمیں متاثرین کی تعداد1532 ہے جبکہ 42 افراد جاں بحق اور صحتیاب افراد کی تعداد 894 ہوچکی ہے ۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>