بلڈرز نے وزیراعظم کو13سو ارب کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروادی

وزیراعظم عمران خان نے ملک میں تعمیراتی شعبے کو فروغ دینے کیلئے خصوصی ریلیف پیکجز کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ملک کے بڑے بڑے بلڈرز اور ڈویلپرز نے وزیراعظم کو آئندہ 4، 5 ماہ میں ملک میں 1300 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، اورملک کے نمایاں بلڈرز ، ڈویلپرز اور ان کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس کے بعد اس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ملک بھر میں بلڈرز ، ڈویلپرز کی نمائندہ جماعت آباد ہے جو ملک میں تعمیراتی شعبےسے وابستہ نجی شعبے کی نمائندگی کے فرائض سرانجام دیتی ہے، آباد کے نمائندوں نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی جس میں وزیراعظم عمران خان کو تعمیراتی شعبے میں 1300 ارب سے زائد کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے میں تعاون اور سرمایہ کاروں کیلئے حوصلہ افزا ماحول پیدا کرنے پر گورنر اسٹیٹ بینک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی شعبے ، چھوٹی بڑی صنعتوں کا فروغ ہماری حکومت کی ترجیح ہے، ہم ہر ممکن طور پر تعمیراتی شعبے کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے، تعمیراتی شعبے کی ترقی سے مختلف معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملتا ہے، سرمایے کا حصول اور روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں جس سے ملک میں معاشی استحکام پیدا ہوتا ہے۔

اجلاس میں شریک آباد کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار این او سی جیسے معاملات کو آسان بنایا گیا ہے، نجی بینکوں کی جانب سے تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے حوصلہ افزائی قابل ستائش ہے ان اقدامات کا کریڈیٹ موجودہ حکومت اور گورنر اسٹیٹ بینک کو جاتا ہے، ان اقدامات کے بعد التوا کا شکار اربوں روپے کے منصوبے شروع کیے جاسکیں گے۔

اجلاس میں شریک 13 بلڈرز نے وزیراعظم کو یقین دہانی کروائی کے آئندہ 4 ،5 ماہ میں تعمیراتی شعبے میں 1300 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >