فواد چودھری کو وزیراعظم عمران خان سے ڈانٹ کب پڑتی ہے؟

فواد چودھری کو عمران خان سے ڈانٹ کب پڑتی ہے؟ اور وہ کیسے وزیراعظم کو مناتے ہیں؟

عید کے خاص موقعے پر انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کچھ لوگ ان کو صحافی بھی سمجھتے ہیں مگر وہ سب سے پہلے وکیل پھر سیاستدان اور کچھ حد تک اینکر یا تجزیہ کار رہے ہیں مگر صحافی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میٹرک تک وہ بہت اچھے طالبعلم نہیں تھے بلکہ نویں جماعت میں ان کی کچھ مضامین میں سپلیاں بھی آئیں اور اس کے بعد انہوں نے خوب محنت کی گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن کی اور پھر پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی جس میں انہوں نے پہلے 2 سالوں میں یونیورسٹی سے ٹاپ کیا۔

فواد چودھری نے بتایا کہ وہ بہن بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں اور بچپن میں والد سے بہت قریب تھے مگر والدہ سے بہت مار پڑتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی بھی کبھی کبھار ڈانٹ پڑ جاتی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ جب ان کے والد کا انتقال ہوا تو اس کے بعد خود کو بہت مشکل سے سنبھالا اور جب الیکشن جیتا تو ان کو اپنے والد کی بہت کمی محسوس ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بہت جلد تبدیلی کے قائل ہو جاتے ہیں اور دیگر پارٹیوں میں رہنے کے بعد آج بھی ان کے پرویز مشرف اور بلاول بھٹو سے تعلقات بہت اچھے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کو غصہ بھی آتا ہے مگر بہت زیادہ نہیں انہوں نے کہا کہ ان کو غصہ اس وقت آتا ہے جب ان کا ڈرائیور راستہ بھول کر کسی غلط راستے پر نکل پڑتا ہے، فواد چودھری نے کہا کہ اب جلدی ہوتی ہے لوگوں سے ملاقاتیں اور اجلاسوں میں شرکت کرنا ہوتی ہے اور ایسے میں غلط راستے پر نکل جانا بہت عجیت لگتا ہے۔

وفاقی وزیر نے آخر میں کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کے ساتھ بہت وقت گزارا ہے اور ان کو وزیراعظم سے ڈانٹ ڈپٹ بہت کم پڑتی ہے کیونکہ ان کے معاملے میں وزیراعظم کافی صبر سے کام لیتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسا اس لیے ہوتا کہ کیونکہ شاید وزیراعظم بھی سمجھ گئے ہیں کہ میری عادت اسی طرح کی ہے اس لیے وہ زیادہ تر ان کو نہیں ڈانٹتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر کسی بات پر وزیراعظم عمران خان ان سے ناراض ہو جائیں تو وہ ان کو منا لیتے ہیں البتہ وزیراعظم کو منانے کا طریقہ نہیں بتایا ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک خفیہ طریقہ ہے جسے سب سے شیئر نہیں کیا جا سکتا۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >