لڑکی کی لڑکی سے شادی کے معاملہ کا ڈراپ سین، عدالت کا اہم فیصلہ

دو لڑکیوں کی شادی کے معاملہ کا ڈراپ سین مبینہ دلہا علی آکاش کا نام ای سی ایل میں شامل۔۔ شناختی کارڈ بھی بلاک۔۔ علی آکاش بدستور روپوش

راولپنڈی کی عدالت نے دو لڑکیوں کی مبینہ شادی اسکینڈل کیس میں دلہا علی آکاش کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دے دیا، دلہن نیہا علی کی استدعا پر اسے دارالامان بھیجنے کا حکم بھی دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبد العزیز نے ٹیکسلا میں دو لڑکیوں کی مبینہ شادی اسکینڈل کیس کی سماعت کی، پولیس نے مبینہ دلہن نیہا علی کو لاہور سے گرفتار کر کے ہائی کورٹ میں پیش کیا تاہم مبینہ دلہا علی آکاش کے تاحال روپوش ہونے کا بتایا،پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے بہت جگہوں پر چھاپے مارے لیکن دلہا نہیں ملا۔

نکاح نامہ، بیان حلفی اور وکالت نامے پر مختلف دستخط پر عدالت نے اظہار برہمی کیا، عدالت نے راولپنڈی دارالامان کی انچارچ کو طلب کرلیا،دلہن نیہا نے والدین کے ساتھ جانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں میٹرک پاس ہوں اور پڑھنا چاہتی ہوں،پائلٹ بننے کا ارادہ ہے۔ عدالت نے کہا کہ آپ کو پڑھایا اور تعلیم دلوائی جائے گی، عدالت نے دلہن نیہا علی کو دارالامان بھیجنے کا حکم دیا۔

عدالت نے مبینہ دلہا علی آکاش کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے، فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ اس ملک اور سوشل سیکٹر کو این جی اوز نے تباہ کر دیا ہے، جج کا کوئی مذہب،مسلک اور کوئی برادری نہیں ہوتی، جج نے ریاست کے دستور کے تحت فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ دلہن بننے والی نیہا کے والدین نے عدالت سے رابطہ کیا اور موقف اپنایا کہ نیہا سے شادی کرنیوالا لڑکا نہیں لڑکی ہے جس پر عدالت بار بار نیہا اور علی آکاش عرف عاصمہ بی بی کو طلب کرتی رہی ۔ علی آکاش نے بجائے عدالت کے روبرو پیش ہونے اور اپنا میڈیکل ٹیسٹ کروانے کے نیہا کو طلاق دیدی ۔

جس پرفاضل عدالت نے طلاق نامہ مسترد کردیا اور علی آکاش کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

ذرائع کے مطابق علی آکاش عرف عاصمہ کے لڑکا ہونے کے معمے کی گتھی پہلے ہی سلجھ چکی ہے اور علی آکاش عرف عاصمہ بی بی نے بجائے میڈیکل ٹیسٹ کرواکر اپنی جنس لڑکا ثابت کرنے کے اپنی بیوی نیہا علی کو طلاق دے دی ۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>