فضل الرحمان اور بلاول کی بھی آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات ہوئی، شیخ رشید

فضل الرحمان اور بلاول کی بھی آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات ہوئی، شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے نے اپنے انکشافات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے بھی آرمی چیف سے ون ٹو ون ملاقات کی ہے۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہر ہفتے ایک سیاسی لیڈر کو بے نقاب کروں گا، میرے لیے پاک فوج کے سربراہ سے ملنا اعزاز کی بات ہے مگر یہ لیڈر خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں۔

شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ مولانا ملک میں شیعہ سنی فسادات کروانا چاہتے ہیں، انہوں نے ختم نبوت بل کے خلاف بھی سازش کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا ہے کہ میں چیلنج کرتا ہوں مجھے جھٹلا کر دکھائیں مولانا فضل الرحمان نے لاہور میں کب ملاقات کی اور اس کی کیا تفصیلات تھیں جلد میڈیاکے سامنے لاؤں گا، جھٹلا سکتے ہیں تو جھٹلا دیں۔

وزیرریلوے نے کہا کہ زبیر جھوٹ بولتا ہے آرمی چیف سے پرانا تعلق، ان کی 35 سال میں آرمی چیف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، اسد عمر کے بیٹے کے ولیمے میں میں بھی شریک تھا آرمی چیف نے انہیں کوئی دعوت نہیں دی میں مریم نواز کو بھی بتانا چاہتا ہوں کہ زبیر آپ اور نواز شریف کیلئے آرمی چیف سے ملنے گیا۔

انہوں نے کہا میں چیلنج کرتا ہوں یہ اسمبلیوں سےاستعفیٰ نہیں دیں گے یہ آج استعفیٰ دیں ہم الیکشن کروائیں گے ہمارے پاس امیدوار بھی تیار ہیں، پیپلزپارٹی کبھی سندھ حکومت نہیں چھوڑے گی کیونکہ انہیں پتا ہے اس کے بعد صوبہ ان کے ہاتھ نہیں آئے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ بلاول کو کچھ نہیں کہنا مجھے اس سے پیار ہے، میں نے اس کا کیا بگاڑا ہے جو وہ مجھ پراتنا برس رہا ہے، بلاول جب پیدا بھی نہیں ہوا تھا میں تب بھی سلامتی کمیٹی کا رکن تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی بات پر قائم ہوں ن میں سے ش نکلے گا، نواز شریف نے ایک سال منہ بند رکھا، مریم نواز کا ٹویٹر خاموش رہا، ضیا الحق کی گود سے سیاست شروع کرنے والے آج فوج کو آنکھیں دکھا رہے ہیں، نواز شریف نے اس تقریر کے بعد اپنی سیاسی قبر خود کھودی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان سچا لیڈر ہے وہ ملک کو ٹھیک کرنا چاہتا ہے، اپوزیشن جماعتیں نہیں چاہتیں کہ عمران خان سینیٹ الیکشن میں اکثریت حاصل کرلے، فوج نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک ہی پیغام دیا کسی بھی جماعت کی سول حکومت ہو اسی کو لبیک کہیں گے۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >