حکومت اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کو لاکھوں روپے دے گی، حماد اظہر

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کی برطرفی کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دو ہزار ارب سے زیادہ قومی اداروں کے نقصانات ہیں، سرکاری اداروں کے نقصانات ہمارے دفاعی بجٹ سے زیادہ ہیں تاہم جن ملازمین کو نکالا جا رہا ہے، ان کو فی ملازم اوسطاً 23 لاکھ روپے دیں گے۔

وفاقی وزیر کا اپنی پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ساڑھے 9 ہزار ملازمین ہیں جس میں سے پہلے مرحلے میں چار ہزار ملازمین نکالے جائیں گے، ماضی میں ووٹوں کی خاطر سرکاری اداروں میں ایک ایک سیٹ پر چار چار ملازمین بھرتی کیے گئے تھے، جس کا بوجھ سرکاری خزانے کو اٹھانا پڑتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان اسٹیل ملز قومی اثاثہ ہے، 2008میں اسٹیل ملز منافع بخش ادارہ تھا، اُس وقت اسٹیل ملز کے اکاؤنٹس میں 8 ارب روپے پڑے تھے، لیکن ماضی میں جو ہوا وہ کرپشن کی کہانی ہے، اس کو سیدھا کرنے کے لیے ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے، حکومت پنشن اور تنخواہ کی مد میں 55 ارب روپے ادا کر چکی ہے، اور بند ملز کے ملازمین کو 75 کروڑ ماہانہ تنخواہ کی مد میں ادا کرنا پڑتے ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا اسٹیل ملز کے ملازمین کو نکالے جانے کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں پہلے سے ہی معلوم تھا کہ اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین پر مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے سیاست کی جائے گی، اگر اسٹیل ملز کی بحالی کے لئے بروقت فیصلے کیے جاتے تو آج قومی خزانے سے اتنے پیسے نہیں لگتے اور شعبے میں بہت سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے۔

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں سٹیل ملز خسارے میں گئی اور مسلم لیگ نون کے دور میں بند ہو گئی، تاہم پی ٹی آئی کی حکومت نے اسٹیل مل کی بہتری کے لیے اقدامات کیے اور 92 ارب روپے کا بیل آؤٹ پیکیج دیا۔

حماد اظہر کا سٹیل ملز کو سندھ حکومت کو لیز پر دینے کی پیشکش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسٹیل ملز کی 13 سو ایکڑ زمین لیز پر دی جائے گی ہم سندھ حکومت کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اوپن بولی میں حصہ لے کر سب سے زیادہ بولی لگا کر اسٹیل مل کی 13 سو ایکڑ زمین لیز پر لے لے۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >