اسحاق ڈار کے بی بی سی کو انٹرویو پر علی گل پیر کی دلچسپ ایکٹنگ،ویڈیو وائرل

اسحاق ڈار کے بی بی سی کو انٹرویو پر علی گل پیر کی دلچسپ ایکٹنگ،ویڈیو وائرل

مشہور پاکستانی کامیڈین اور سنگر علی گل پیر نے سابق وزیرخزانہ اسحق ڈار کے حالیہ انٹرویو کی آڈیو پر اپنی ایک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے جس میں وہ اس انٹرویو کی اپنے تاثرات سے بالکل صحیح ترجمانی کررہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر علی گل پیر نے 2 ویڈیوز پوسٹ کیں، انہوں نے پہلی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جب بیرون ملک مقیم کسی پاکستانی سیاستدان سے پاکستان واپس جانے کیلئے کہا جاتا ہے تو وہ اس قسم کی بیماریاں گنوانے لگتا ہے۔

ویڈیو کےدوران علی گل پیر خود ہی بی بی سی میزبان بنے ہوئے ہیں اور خود اسحق ڈار، بی بی سی کے میزبان بننے کیلئے انہوں نے سر پر گولڈن بالوں کی ایک وگ پہن رکھی ہے، جبکہ اسحق ڈار والے کردار میں انہوں نے اپنی گردن پر ایک سنی پلاسٹ بینڈیج لگارکھی ہے۔

ویڈیو میں میزبان (علی گل پیر) اسحق ڈار (علی گل پیر) سے سوال کرتا ہے کہ اگر آپ کے خلاف سارے مقدمات جھوٹے ہیں تو آپ پاکستان جاکر عدالتوں میں یہ سب ثابت کیوں نہیں کرتے؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے علی گل پیر ادھر ادھر دیکھنے کی اور مناسب جواب دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ میرے وکلاء وہاں موجود ہیں، میں یہاں اپنے علاج کیلئے موجود ہوں، ساتھ ہی علی گل پیر اپنی گردن پر لگے بینڈیج کو بھی دکھاتے ہیں۔

میزبان کے سوال پر کہ آپ یہاں تین سال سے موجود ہیں کیا ابھی بھی آپ بیمار ہیں، تو علی گل پیر بیماروں جیسا منہ بنا لیتے ہیں، ان کے جوابات پر میزبان (علی گل پیر) اپنے پاس موجود کاغذ پر انگریزی میں (لائر) یعنی جھوٹا لکھ دیتے ہیں۔

دوسری ویڈیو پوسٹ کرتے علی گل پیر نے لکھا کہ ایک پاکستانی سیاستدان جو بیچارا بہت غریب ہے میں امید کرتا ہوں انہیں تین وقت کا کھانا ضرور مل جاتا ہو۔

ویڈیو میں میزبان اسحق ڈار سے سوال کرتے ہیں کہ آپ کی کل کتنی جائیدادیں ہیں اس کے جواب میں علی گل پیر جو کہ ایک بنیان پہنے ہوئے ہیں کہتے ہیں کہ میری ایک ہی پراپرٹی ہے، میزبان کے اسحق ڈار کی جائیدادوں سے متعلق سوال پر علی گل پیر روتے ہوئے انکار کرتے ہیں، اور جب میزبان دبئی کی جائیدادوں سے متعلق پوچھتا ہے تو علی گل پیر اپنی جھینپ مٹاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ایک چھوٹا سا ولا ہے مگر وہ ان  کے بچوں کا ہے کیونکہ وہ خود مختار ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما و سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈاربی بی سی کے پروگرام ہارڈ ٹاک میں اینکر کے سخت سوالات کا سامنا نہیں کرپائے تھے اور بوکھلاہٹ کا شکارہوگئے تھے جس پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے جاری ہیں۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >