خلیل الرحمان قمر اب ٹاک شو کی میزبانی کریں گے، پرومو جاری

معروف ڈرامہ نگار وہدایت کار خلیل الرحمان قمر اب معروف نیوز چینل پر ٹاک شو کی میزبانی کریں گے

خلیل الرحمان قمر کا شمار پاکستان کے معروف مصنفوں میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کے لیے متعدد کامیاب ڈرا مے لکھے جن میں بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ، لنڈا بازار، پیارے افضل، صدقے تمہارے، سمجھوتہ ایکسپریس اور حال ہی میں پیش کیا جانے والا میرے پاس تم ہو شامل ہیں، اس کے علاوہ پنجاب نہیں جاؤں گی ،کاف کنگنا، قرض اور چنا سچی مچی جیسی فلمیں شامل ہیں۔

ملک اور بیرون ملک میں بیش بہا نام کمانے والے خلیل الرحمان قمر خواتین کے حقوق اور آزادی سے متعلق تھوڑا مختلف نکتہ نظر رکھنے کے باعث کچھ ٹی وی شوز میں بھی اپنے موقف پر نہ صرف ڈٹے رہے بلکہ اپنے موقف کی حمایت میں لڑے اور گالم گلوچ بھی کی جس کی وجہ سے وہ شہرت کی بلندیوں پر جا پہنچے۔

گزشتہ سال ان کی ماروی سرمد کے ساتھ ایک لائیو شو کے دوران لڑائی ہوئی جس نے پورے پاکستانی میڈیا پر تہلکہ مچا دیا تھا۔ اس شو کے دوران انہوں نے خواتین سے متعلق بیان دیا تھا کہ اگرعورتیں مردوں کی برابری کی بات کرتی ہیں تو مرد کا گینگ ریپ بھی کرلیں۔ اس بیان نے خلیل الرحمان کے چاہنے والوں کو دو دھڑوں میں تقسیم کردیا تھا۔

اب ان کے حوالے سے نئی خبر یہ سامنے آئی ہے کہ وہ مشہور نیوز چینل "پبلک نیوز” پر اپنا ایک سیاسی ٹاک شو کرنے جا رہے ہیں جس کے لیے چینل کی جانب سے پرومو آؤٹ کر دیا گیا ہے۔ اس شو کے پرومو میں خلیل الرحمان قمر نے جو الفاظ سیاست سے متعلق کہے اس سے ظاہر ہے کہ وہ آنے والے وقت میں سیاستدانوں سے بھی کڑے سوال کرنے والے ہیں۔

انہوں نے پرومو میں کہا ہے کہ، "پبلک پوچھتی ہے جہاں سوچ بریانی کی پلیٹ اور ایمان گھی کے ڈبے پر بک جاتا ہو، وہاں جمہوریت سچ مچ انتقام ہوتی ہے یا جمہوریت ہم سے انتقام لے رہی ہوتی ہے۔ آپ کہتے ہو سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی تو پبلک پوچھتی ہے تو سیاست کیا جھوٹ کانام ہے؟”

اس ٹی وی چینل پر ان کے شو سے متعلق خبر ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے ان کے دیئے گئے کچھ عرصہ پہلے انٹرویو میں سامنے آئی تھی۔ جس میں انہوں نے یہ بھی نہیں بتایا تھا کہ وہ کس چینل کو جوائن کریں گے تاہم اس انٹرویو سے یہ ضرور پتا چل گیا تھا کہ خلیل الرحمان قمر سیاسی ٹاک شو کی میزبانی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس ٹاک شو کے نام کا اور وقت کا تو ابھی نہیں بتایا گیا البتہ ان کے شائقین کو اب اس شو کا بے صبری سے انتظار ہے۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >