مرد پولیس اہلکار خواجہ سراؤں کو گرفتار نہیں کر سکیں گے،تحفظ کیلئے پالیسی منظور

خواجہ سراؤں کی کمیونٹی کو اب ہر سرکاری محکمے میں خصوصی پروٹوکول دیا جائے گا

سندھ ہائی کورٹ میں خواجہ سراؤں کےتحفظ اور حقوق کے لیے موثرقانون سازی کے معاملے پر سماعت ہوئی ، خواجہ سراؤں کے تحفظ اور حقوق ایکٹ کے رولز 2020 عدالت میں جمع کرادیئے گئے۔ ان رولز کی منظوری کے بعد وزارت انسانی حقوق نے نوٹی فکیشن جاری کردیا، عدالت نے رولز کی منظوری پر درخواست نمٹا دی۔

رولز کے مطابق سرکاری دفاتر خواجہ سراؤں کیلئےعلیحدہ قطاریں بنانے کے پابند ہوں گے، حج وعمرہ کی ادائیگی کیلئے خواجہ سراؤں کو سہولیات دی جائیں گی، حج وعمرہ کی ادائیگی کے لیے وزرات خارجہ کردار ادا کرے گی۔

رولز میں کہا گیا ہے کہ خواجہ سراؤں کے لیے علحیدہ دارالامان بنائے جائیں، بے یارومددگار خواجہ سراؤں کوعلیحدہ دارالامان میں رکھا جائے گا جبکہ تمام سرکاری ادارے خواجہ سراؤں کی رہنمائی کیلئے پالیسی بنانے کے پابند ہوں گے۔

خواجہ سراؤں کے تحفظ اور حقوق ایکٹ کے رولز 2020کے مطابق اب مرد پولیس اہلکار خواجہ سراؤں کو گرفتار نہیں کر سکیں گے، کسی بھی خواجہ سرا کو پولیس کا متعلقہ جنس کا اہلکار ہی گرفتار کرسکے گا، خواجہ سراؤں کی گرفتاری پرعلیحدہ لاک اپ میں رکھا جائے گا جبکہ خواجہ سراؤں کو عدالت یا جیل منتقلی کیلئےعلیحدہ پولیس وین استعمال کی جائے گی۔ جیل میں خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ واش روم دیئے جائیں گے اور الگ سیل میں رکھا جائے گا جبکہ مفت قانونی مدد فراہم کی جائے۔

رولز میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ خواجہ سراؤں کو مفت تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں، تمام سرکاری اداروں میں خواجہ سرا ملازمت پالیسی بنائی جائے گی، شکایت کی سنوائی کیلئے وفاقی محتسب میں کمشنر برائے خواجہ سرا ہوگا، خواجہ سرا اپنی شکایت وفاقی محتسب میں کمشنر برائے خواجہ سرا کو ہی دے سکے گا۔

خواجہ سراؤں کی جنس کو ایکس (X) کیٹیگری قراردے دیا گیا ، شناختی کارڈ میں خواجہ سراؤں کی جنس میں X درج ہوگا، خواجہ سرا اپنا ووٹ علیحدہ لائن اور علحیدہ پولنگ بوتھ میں ڈالیں گے، نادرا خواجہ سراؤں کی رہنمائی کیلئے الگ افسر تعینات کرنے کا پابند ہوگا، پاسپورٹ دفاتر میں خواجہ سراوں کے لیے علیحدہ افسر تعینات کیا جائے گا.

اس کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے خواجہ سراؤں کی رہنمائی بھی علیحدہ افسر کرے گا۔وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت انسانی حقوق نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، رولز کی منظوری پر عدالت نے بھی درخواست نمٹا دی۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >