کیا فیصل واوڈا قانون سے بالاتر ہیں؟نااہلی کیس میں مسلسل عدم پیشی پر الیکشن کمیشن برہم

کیا فیصل واوڈا قانون سے بالاتر ہیں؟نااہلی کیس میں مسلسل عدم پیشی پر الیکشن کمیشن برہم

الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت ہوئی،اس بار بھی فیصل واوڈا پیش نہ ہوئے، فیصل واوڈا کی مسلسل عدم پیشی پر الیکشن کمیشن نے اظہار برہمی کیا اور کہا کہ وہ جس پارلیمان کے رکن ہیں اسے عزت دیں۔

ممبر پنجاب الطاف قریشی نے کہا کہ بےوجہ کیس کو لٹکانا سمجھ سے بالاتر ہے، آج تک فیصل واوڈا نے جواب بھی جمع نہیں کرایا۔ ممبر بلوچستان نے کہا کہ لگتا ہے فیصل واوڈا کمیشن کو کچھ سمجھتے ہی نہیں۔

الطاف قریشی نے کہا کہ قانون میں کہاں لکھا ہے کہ سماعت کا اختیار نہیں؟ بہتر ہوگا اپنا اور ہمارا وقت ضائع نہ کریں، صاف صاف بتائیں فیصل کیوں نہیں آئے؟ کیا وہ قانون سے بالاتر ہیں؟ جس پارلیمان کے وہ رکن ہیں کیا انہیں اس کی بالادستی کا احترام نہیں؟

وکیل نے کہا کہ فیصل واوڈا کراچی میں ہیں، ان کی والدہ بیمار ہیں اس لئے نہیں آسکے، ممبر پنجاب نے کہا کہ جہاں اتنے جھوٹ بولے وہاں ایک جھوٹ جہاز کا ٹکٹ نہ ملنے کا بھی بول دیتے، فیصل واوڈا جس پارلیمان کے رکن ہیں اسکو عزت دیں۔

فیصل واوڈا کے وکیل نے طلبی کا حکم واپس لینے کی درخواست دائر کرتے ہوئے گزشتہ سماعت پر عدم پیشی پر الیکشن کمیشن کی جانب سے عائد 50 ہزار روپے کے جرمانے پر بھی اعتراض اٹھا دیا۔

وکیل نے کہا کہ درخواستوں کے قابل سماعت نہ ہونے پر تفصیلی دلائل دیے ، پہلے کمیشن اپنے دائرہ اختیار اور درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کرے، الیکشن کمیشن ڈیڑھ سال بعد نااہلی درخواستوں پر سماعت نہیں کرسکتا۔

الیکشن کمیشن نے طلبی کا حکم چیلنج کرنے کی فیصل واوڈا کی درخواست مسترد کردی جبکہ نااہلی کیس ناقابل سماعت ہونے کی استدعا بھی مسترد کردی۔فیصل واوڈا نے 50 ہزار روپے جرمانہ کمیشن کو جمع کروا دیا جسے الیکشن کمیشن نے سویٹ ہوم میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔

ممبر خیبرپختونخواہ ارشاد قیصر نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل کراچی نے دوہری شہریت کا معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھانے کا کہا، الیکشن کمیشن ہی متعلقہ فورم ہے جو یہ کیس سن سکتا۔

فیصل واوڈا کیخلاف درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ فیصل واوڈا چاہتے ہیں سینیٹر بن جائیں تاکہ یہ کیس ختم ہوسکے۔ فیصل واوڈا نے عدم پیشی پر الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی جبکہ کمیشن نے فیصل واوڈا کو 10 مارچ کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>