عمران خان کا دورہ سری لنکا،لنکن حکومت کی کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کو دفن کرنے کی اجازت
سری لنکن حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے جاں بحق مسلمانوں کو میتیوں کی تدفین کی اجازت دے دی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے نوٹی فکیشن کا اجرا کردیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق مسلمان اب کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی میتیوں کو جلانے کے بجائے اسلامی روایات کے مطابق آخری رسومات ادا کر سکیں گے۔
سری لنکن حکومت کی جانب سے نوٹی فیکیشن کا اجرا ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کا دورہ کیا اور مسلمانوں کے اس دیرینہ مطالبے پر سری لنکن حکومت سے بات کی۔
یاد رہے کہ سری لنکا میں مقیم مسلمانوں کی جانب سے لاشوں کو جلانے کے حکم پر شدید احتجاج کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال سری لنکن حکومت نے کورونا وائرس کے باعث ہلاک افراد کی لاشوں کو دفنانے پر پابندی لگاتے ہوئے انہیں جلانے کا حکم دیا تھا۔
سری لنکا کی حکومت نے شروعات میں اپریل میں بااثر بدھ راہبوں کے ان خدشات کے باعث تدفین پر پابندی عائد کردی تھی کہ کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی میتیں دفن کرنے سے زیر زمین پانی زہریلا ہوسکتا ہے اور وائرس پھیل سکتا ہے، تاہم ماہرین نے ان خدشات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔
سری لنکن حکومت کی جانب سے تدفین پر پابندی لگائے جانے کے بعد نہ صرف مسلمان بلکہ دیگر مذاہب کے افراد کی جانب سے بھی ردعمل آیا تھا۔ دارالحکومت کولمبو میں حکومتی فیصلے کے خلاف درجنوں مسلمانوں نے علامتی جنازوں اور تابوت اٹھا کر مظاہرہ کیا تھا۔ اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اس پابندی پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سری لنکن وزیراعظم مہیندا راج پکشے کی جانب سے کرونا کے باعث انتقال کرنے والے مسلمانوں کی میتوں کو تدفین کی اجازت دینے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوٹیفکیشن کے اجرا پر وہ سری لنکن حکومت کے شکرگزار ہیں۔
میں سری لنکن حکومت کی جانب سے کوروناء (COVID-19) سے انتقال کر جانے والوں کی تدفین کی اجازت کے سرکاری فرمان (آفیشیل نوٹیفکیشن) کے اجراء کا خیر مقدم کرتا ہوں اور اس پر سری لنکن قیادت کا شکر گزار ہوں۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 26, 2021
گزشتہ سال دسمبر میں حکام نے بچے سمیت کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے کم از کم 19 مسلمانوں کی میتیں جبراً جلانے کا حکم دیا تھا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مقامی انتہا پسند تنظیم کی جانب سے 2019 میں ایسٹر کے تہوار کے موقع پر خوفناک دھماکوں کے بعد سے سری لنکا میں مسلمانوں اور اکثریتی سنہالیوں، جن میں سے بیشتر بدھ مت ہیں، کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔
اس نوٹیفکیشن پر معاون خصوصی برائے اوور سیز زلفی بخاری نے کہا کہ وزیراعظم کے کچھ ہی گھنٹوں کے کامیاب دورے کے بعد ایسے نوٹیفکیشن کا سامنے آنا بڑی کامیابی ہے کیونکہ یہ تمام مسلمانوں کا آخری حق ہے کہ انہیں عزت و تکریم کے ساتھ دفنایا جائے۔
Appreciate SriLankan govt’s official gazette notification allowing burial of #COVID19 deceased in #SriLanka within few hours of PM @ImranKhanPTI’s visit.
It is every Muslim’s final right to be buried as was requested by #PMIK.Thankyou Govt of Sri Lanka for this gesture! pic.twitter.com/y4PMseHArA
— Sayed Z Bukhari (@sayedzbukhari) February 25, 2021