شاہد آفریدی اورشاہین آفریدی کی رشتہ داری،سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے فینزکو ہنسا دیا

 

 

قومی کرکٹر شاہین آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کے درمیان رشتہ طے ہونے پر کرکٹ فینزبھی خوب خوش نظر آرہے ہیں، ایسے ہی ایک کرکٹ کے مداح نے دونوں کھلاڑیوں کی ایک ایسی ویڈیو بنا ڈالی کے دیکھنے والے ہنسی روکنے میں ناکام ہونے لگے۔

اس رشتے داری پر سوشل میڈیا پر دلچسپ میمز سامنے آئے مگر ایک ویڈیو نے تو تہلکہ ہی مچادیا، ویڈیو پاکستان سپر لیگ کے ایک میچ کی ہے جس میں بوم بوم آفریدی بیٹنگ کرتے شاہین آفریدی کا سامنا کررہے ہیں۔

ویڈیو میں خاص اس کے بیک گراؤنڈ میں لگایا گیا گانا ہے یہ گانا بھارتی فلم کا ہے اور اس کے بول ہیں،”سنو سسر جی اب ضد چھوڑو مان لو میری بات، دلہن تو جائے گی دلہے راجا کے ساتھ”۔

اس ویڈیو کو مزید دلچسپ اس کی ایڈٹنگ نے بنایا ہے، گانے کے پہلے مصرعے "سنو سسر جی اب ضد چھوڑو” پر شاہد خان آفریدی شاہین آفریدی کو زور دار چھکا لگاتے دکھائی دیئے جبکہ دوسرے مصرعے ” دلہن تو جائے گی دلہے راجا کے ساتھ ” پر شاہین آفریدی کو شاہدآفریدی کو بولڈ کرتے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو میں جو شاہد آفریدی کے آؤٹ ہونے کے مناظر شامل کیے گئے وہ وہی مشہور ہونے والی وکٹ تھی جسے لینے کے بعد شاہین آفریدی اپنے مخصوص اندا ز میں جشن مناتے مناتے رک گئے اور شاہد آفریدی کے احترام میں اپنے سر کو انکار میں ہلاتے ہوئے ان کے قریب سے گزر گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک خبر سامنے آئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کے مشہور کرکٹر شاہین آفریدی کا رشتہ اسٹار کھلاڑی شاہد خان آفریدی کی بیٹی کے ساتھ طے ہوگیا ہے۔

بعد ازاں اس حوالے سے شاہد آفریدی کا بھی ایک بیان سامنے آیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کے خاندان نے میرے خاندان سے رابطہ کرکے شاہین آفریدی کیلئے میری بیٹی کا رشتہ مانگا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں خاندان ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں، اگر اللہ نے چاہا تو یہ جوڑا بھی بن جائے گا۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>