نو منتخب ایم این اے نوشین افتخار کا علی اسجد ملہی کے گھر مٹھائی لے جانے کا اعلان

ڈسکہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والی ن لیگی رہنما نے ہارنے والے تحریک انصاف کے رہنما کیلئے پیغام جاری کردیا ہے۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نو منتخب رکن قومی اسمبلی نوشین افتخار نے اپنے پیغام میں علی اسجد ملہی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملہی صاحب نے مجھے مبارکباد دی ہے، ان کا شکریہ! میں مٹھائی لے کر ان کے گھر جاؤں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ضمنی انتخاب کا سرکاری نتیجہ حاصل کرلیا ہے ، ڈسکہ کو ایک بار پھر مبارکباد پیش کرتی ہوں، ملہی صاحب کو کہنا چاہوں گی اقتدار کی لالچ میں لوگوں کی جانوں کی قربانی نہیں دینی چاہیے، میری خواہش تھی الیکشن اسی طرح پرامن ہوتا ۔

نوشین افتخار نے مزید کہا کہ میں ڈسکہ کو ترقی کی جانب لے جاؤں گی میں نے اس علاقے کے بارے میں بہت کچھ سوچ رکھا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈسکہ میں شیر کی دھاڑ گونجی، این اے 75 ڈسکہ ضمنی انتخاب کا میدان ن لیگ نے مار لیا تھا، نون لیگ کی نوشین افتخار ایک لاکھ دس ہزار پچھتر ووٹ لےکرکامیاب ہوئیں جبکہ تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی کو تیرانوے ہزار چار سو تینتس ووٹ مل سکے۔ نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا جب بھی منصفانہ الیکشن ہوں گےجیت نون لیگ کی ہوگی۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >