وفاقی کابینہ نے نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی 2021 کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ اجلاس میں نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی پیش کی گئی تھی جس کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے۔

پالیسی کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کیبل کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ سب سے بڑا پالیسی فیصلہ ہے، اس وقت گھروں میں اینالاگ کیبل کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس کی کوالٹی نہ ہونے کے برابر ہے اور چینلز کی تعداد بھی محدود ہے۔

چینلز کی ریٹنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ کیبل کی وجہ سے ریٹنگ کے حوالے سے بھی مسائل درپیش ہیں جبکہ کیبل کی ڈیجیٹلائزیشن کے بعد ریٹنگ 100 فیصد شفاف ہو گی۔ اس وقت چینلز کی تعداد 143 کے قریب ہے لیکن ڈیجیٹلائز ہونے کے بعد چینلز کی تعداد 950 تک پہنچ جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیبل کی ڈیجیٹلائزیشن سے سبسکرپشن ماڈل بھی شروع ہو گا۔ بہت سے انگریزی چینلز سبسکرپشن کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے بند ہو گئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں موجودہ ٹی وی چینلز کو نئے چینلز چلانے کے لئے سبسکرپشن کی سہولت بھی ملے گی۔ ڈیجیٹل کیبل میں فور کے سگنل کو بھی یقینی بنایا جائے گا جس کا فائدہ کیبل آپریٹرز کو ہوگا کہ وہ براہ راست مواد خرید سکیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ کی جانب سے غیرملکی پنجابی فلموں کی درآمد کے معاملہ پر مزید غور کے لئے فیصلہ موخر کر دیا گیا۔

سینما گھروں کے کھلنے کے حوالے سے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سینما گھر 30 جون تک کھولنے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ اس بارے میں فیصلہ این سی او سی کرے گی۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>