اسلام آباد اور راولپنڈی میں کلاؤڈ برسٹ سے سیلابی صورتحال، متعدد گاڑیاں بہہ گئیں

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات سے ہونے والی مسلسل بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا اور متعدد گاڑیاں سیلابی پانی میں بہہ گئیں۔ جڑواں شہروں میں رات سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ اب تک جاری ہے اور صرف اسلام آباد میں 330 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق ٹیمیں نالوں اور سڑکوں کو صاف کر رہی ہیں، امید ہے جلد ہی سب کلیئر ہو جائے گا۔ سب سے درخواست ہے کہ وہ تعاون کریں۔ اسلام آباد میں بارش کے بعد سی ڈی اے کا عملہ بھی متحرک ہوگیا۔ چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی کے مطابق عملہ سڑکوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہے۔

راولپنڈی میں بھی شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث آس پاس کے نشیبی علاقوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا اور سائرن بجائے جانے لگے ہیں۔ راول ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہوکر 49.50 فٹ تک پہنچ گئی، راول ڈیم کی سطح مزید ایک فٹ بلند ہوئی تو اسپل ویز کھول دیئے جائیں گے، راول ڈیم میں پانی اکھٹا کرنے کی حد 52 فٹ تک ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھ گئی جبکہ ای11 میں پانی جمع ہوگیا۔ فوجی دستے امدادی کاموں میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پہنچ گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیلاب کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

جبکہ اسلام آباد کی بارش کے بعد یہ موضوع سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے اور لوگ مختلف علاقوں کی ویڈیوز اپ لوڈ کر کے صورتحال کی سنگینی ظاہر کر رہے ہیں۔ گلوکار فخرعالم نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں گاڑیوں کو تیز بہاؤ والے پانی کے ساتھ تیرتے اور اس میں ڈوبتے دیکھا جا سکتا ہے۔

 

 


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >