رحیم یار خان مندر حملہ کیس، ملزمان سےلاکھوں روپے وصول کر لئے گئے

رحیم یار خان مندر حملہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے،مندر پر دھاوا بولنے والے ملزمان سے 10 لاکھ روپے وصول کرکے مندر کمیٹی کو دے دیئے گئے ہیں،پولیس نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے رقم وصول کی،ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کے مطابق مندر پر حملے میں ملوث 70 ملزمان سے نقصان کی رقم وصول کرکے مندر کمیٹی کو دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 85 ملزمان کے چالان مکمل کرکے انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کردیئے گئے ہیں،عدالتی حکم پر 85 ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر بہاولپور جیل بھیج دیئے گئے،پولیس نے حملے کے الزام میں 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہوا ہے،ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کا کہنا ہے مندر کی تزئین و آرائش اور چار دیواری کا کام مکمل کرلیا ہے،ہندو برادری نے وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان سے اظہار تشکر کیا ہے۔

گزشتہ ماہ رحیم یار خان میں مندر میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی،سوشل میڈیا پر رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ کے مندر میں حملے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی،ویڈیو سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیا تھا،جب کہ چیف جسٹس پاکستان نے بھی واقعے کا نوٹس لے کر ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا،

جسٹس گلزار احمد نے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور مندر کی تعمیر اور مرمت کے اخراجات ملزمان سے لینے کے احکامات جاری کیے تھے، متاثر ہونے والا مندر بحال کردیا گیا تھا۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>