راجہ فاروق حیدر نے نوازشریف کی حلف نہ اٹھانے کی تجویز مسترد کردی: ذرائع

روزنامہ دنیا کے صحافی طارق عزیز نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے آزادکشمیر اسمبلی میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بطور احتجاج حلف نہ اٹھانے کی تجویز دی ہے جسے راجہ فاروق نے مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے اجلاس میں آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف بطور احتجاج حلف نہ اٹھانے کی تجویز پر غور کیا گیا اور نواز شریف نے راجہ فاروق حیدر اور دیگر نو منتخب ارکان اسمبلی سے اس بارے میں رائے طلب کی ۔

طارق عزیز کے مطابق راجہ فاروق حیدر نے تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور کہا کہ میدان خالی چھوڑنا غلطی ہوگی اور عمران خان کے ایجنڈے کو تقویت دینے کے مترادف ہوگا۔ آزادکشمیر تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑاجاسکتا ۔
اس پر پر نواز شریف نے یہ فیصلہ ن لیگ آزاد کشمیر پر چھوڑدیا اور کہا کہ وہ زمینی حقائق اور وہاں کے حالات کے مطابق فیصلہ کریں جس میں ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں کی رائے شامل ہونی چاہئے ۔

ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا، کوہالہ پل کو بلاک کرکے اسلام آباد اور مظفر آباد کا رابطہ منقطع کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا لیکن ساتھ ساتھ اس خدشے کا بھی اظہار کیا گیا کہ کسی سخت فیصلے کی صورت میں وہاں کی مقامی قیادت اور ارکان اسمبلی کی طرف سے اختلاف رائے سے پارٹی کو نقصان پہنچ سکتا ہے جس کی مسلم لیگ ن متحمل نہیں ہو سکتی۔

دوسری جانب ایک اور نجی چینل نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں حکمت عملی نظر انداز کرنے پر شہباز شریف سخت ناراض ہوگئے ہیں اور انہوں نے پارٹی کی صدارت کا عہدہ چھوڑنے کی دھمکی دے دی ہے

سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے روکنے پر فی الحال شہباز شریف خاموش ہیں،‏ حمزہ شہباز نے شہباز شریف کو معاملہ نواز شریف کے سامنے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ دھاندلی کے خلاف احتجاج پر ن لیگ گومگو کیفیت کا شکار ہے، شہبازشریف کا مفاہمتی گروپ دھاندلی کے ٹھوس ثبوت پر احتجاج کے حق میں ہے جبکہ اس گروپ نے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا ہے کہ احتجاج کی صورت میں کہیں اسماعیل گجر جیسے بیانات اور انٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ نہ دہرایا جائے۔

ایک نجی چینل کے اینکر عمران خان کے مطابق شہباز شریف نے اپنی جماعت سے آزادکشمیر الیکشن میں دھاندلی کے ٹھوس ثبوت مانگ لئے ہیں۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>