سوشل میڈیا پر اپنی موت کی افواہوں پر عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کا ردعمل

عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے اپنے موت سے متعلق افواہوں کی تردید کر دی

ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی کی موت کی جھوٹی خبریں پھیلائی گئی ہوں، اس سے قبل بھی وہ اور ان کے اہل خانہ لیجنڈ گلوکار کی موت کی جھوٹی خبروں پر وضاحت اور تردید کر چکے ہیں۔

گلوکار 2018 کے بعد مختلف اوقات میں کچھ بیماریوں کے باعث مختصر وقت کے لیے ہسپتال میں زیر علاج بھی رہے اور اسی دوران ہی ان کے حوالے سے غلط خبریں وائرل ہوگئیں۔

آج پھر سے گلوکار عطااللہ عیسیٰ خیلوی کی موت سے متعلق جھوٹی افواہ پھیلی تو لیجنڈ گلوکار نے خود ہی ٹوئٹر پر افواہوں کا جواب دے کر مداحوں کو باخبر کر دیا کہ وہ بالکل بخیر و عافیت ہیں۔

عطااللہ خان عیسیٰ خیلوی نے ٹوئٹر پر کیے جانے والے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آج پھر ان کے حوالے سے غلط خبریں گردش میں ہیں، ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ وہ مداحوں کی دعاؤں سے بالکل ٹھیک ہیں۔

رواں برس اپریل میں بھی ان کے حوالے سے غلط خبریں وائرل ہوئی تھیں اور اب پھر سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ان کے حوالے سے خبریں وائرل ہوئیں تو گلوکار نے وضاحت کر کے افواہوں کا گلہ گھونٹ دیا۔

واضح رہے کہ عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی 19 اگست 1951 ميں پنجاب کے شہرمیانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں پيدا ہوئے۔

انہیں1991 میں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ دیا گیا جبکہ 1994 میں عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا نام دنیا بھر میں سب سے زیادہ آڈیو گانے ریکارڈ کرانے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکاڈ میں شامل کیا گیا تھا۔عطاء اللہ کی خدمات کے اعتراف میں صدر پاکستان عارف علوی نے انہیں ستارہ امتياز سے بھی نوازا۔

دل کے معاملات سے انجان تو نہ تھا ، ادھر زندگی کا جنازہ اٹھے گا، عشق میں ہم تمہیں کیا بتائیں اور دیگر غزلوں سمیت قمیض تیری کالی نی سوہنے پھلاں والی، اے تھیوہ مندری دا تھیوا سمیت عطاء اللہ کے گائے ہوئے متعدد گیت زبان زدعام ہیں۔

عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی کی تحریک انصاف سے جذباتی وابستگی ہے اور وہ وزیراعظم عمران خان کے بہت قریبی سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے تحریک انصاف کے لیے کئی نغمے بھی گائے جو پارٹی جلسوں اور کارنرمیٹنگز میں سنائی دیتے ہیں۔ ان کا گانا "جب آئے گا عمران ” 2013 اور 2018 میں ہر جلسے کی جان ہوتا تھا۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>