” ایسا مذاق کسی کو خودکشی کرنے کی طرف راغب کرسکتا”ساتھی اداکار سے میرا کا رابطہ
پاکستان کی معروف اور سینئر اداکارہ میرا نے اپنی دماغی صحت کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کر دی اور کہا کہ ان سے متعلق بے بنیاد خبریں اور افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
خوبرو اور معروف اداکار عمران عباس نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی اور کہا کہ میرا نے آج صبح مجھے فون کر کے تمام میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ واضح کرنے کیلئے کہا ہے کہ وہ بالکل صحت مند ہیں اور ان کی ذہنی حالت بھی ٹھیک ہے۔
عمران عباس نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میرا کا کہنا ہے کہ ان کی ذہنی حالت سے متعلق سنسی نہ پھلائیں اور مذاق بھی نہ بنائیں۔ انہوں نے ایسی خبریں پھیلانے والوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو ذہنی بیمار کہنا ایک گھٹیا مذاق ہے، مذاق اُڑائے جانے والا شخص اس مذاق کے بعد اپنی ذہنی حالت کھو سکتا ہے۔
اداکار عمران عباس نے کہا کہ ایسا مذاق کسی کو خودکشی کرنے کی طرف راغب کرسکتا ہے لہذا ایسا مذاق معاشرے میں کسی صورت برداشت نہیں۔ میرا کو آپ کی جعلی ہمدردیوں کی ضرورت نہیں ہے۔ اداکار نے مزید کہا کہ اس بیمار معاشرے کو دعاؤں کی ضرورت ہے جس کے لوگ کسی کے بھی کیرئیر کو مضحکہ خیز مذاق کے ذریعے ختم کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روزسے میرا کی والدہ کا حوالہ دے کر یہ خبریں زیرگردش ہیں کہ میرا کو لندن میں پاگل خانے میں داخل کروادیا گیا ہے، تاہم میرا نے عمران عباس کے ذریعے ان تمام خبروں کی تردید کی ہے۔