میں گمراہی کی جانب جارہا تھا،ایک اور بھارتی اداکار نے مذہب کی خاطر شوبز چھوڑ دیا

بے شک اللہ جسے چاہے ہدایت عطا کر دے، بھارتی اداکار اور ماڈل ثاقب خان نے مذہب کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے ۔

انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا کہ ‘امید ہے کہ آپ سب ٹھیک ہوں گے، آج کی پوسٹ یہ اعلان کرنے کے لیے ہے کہ میں شوبز چھوڑ رہا ہوں لہذا اب میں مستقبل میں کوئی ماڈلنگ اور اداکاری نہیں کروں گا’۔

ثاقب خان نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ان کے پاس کام نہیں تھا تو وہ شوبز چھوڑ رہے ہیں میرے پاس اس وقت بھی بہت پروجیکٹس موجود ہیں۔ بس اللّٰہ تعالیٰ کی مرضی نہیں تھی اللہ نے میرے لیے ضرور کچھ اچھا اور بہتر سوچا ہوگا ۔ انشااللہ، کیونکہ وہی سب سے بہتر منصوبہ ساز ہے۔

انہوں نے ممبئی میں اپنی جدوجہد کے حوالے سے بھی لکھا کہ ‘جہاں تک میں نے ممبئی میں جدوجہد دیکھی ہے، یہاں سروائیو کرنا بہت مشکل ہے لیکن میں فخر کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ مجھے مختصر عرصے میں بہت شہرت ملی لیکن یہ صرف دنیا کے لیے ہے، آخرت کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔

ثاقب خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ مختصراً یہ کہ میں گمراہی کی جانب اور اپنے مذہب کے خلاف جارہا تھا، میں نماز پڑھا کرتا تھا لیکن کچھ کمی تھی اور یہ میرا سکون اور اللہ کی جانب اپنی خود احتسابی تھی لہذا اب میں خود کو اللہ کے حوالے کر رہا ہوں۔

اپنی پوسٹ کے اختتام پر ثاقب خان نے لکھا کہ اگر جانے انجانے میں میری کسی بات سے کسی کو دکھ پہنچا ہو تو میں معذرت خواہ ہوں۔

خیال رہے کہ ریئلٹی ٹی وی شو روڈیز ریولوشن میں ثاقب خان پرنس نارولا کے گینگ کا حصہ تھے تاہم وہ پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئے تھے۔اس شو کی میزبانی رن وجے سنگھا نے کی تھی جبکہ نیہا دوپیا، نکھل اور ورون سود بھی گینگ لیڈرز کے طور پر شریک تھے۔

ثاقب خان سے قبل گزشتہ برس اکتوبر میں بگ باس سیزن 6 سے مشہور ہونے والی بھارتی اداکارہ ثنا خان نے مذہب کی خاطر شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ 2019 میں عامر خان کی سپرہٹ فلم ‘دنگل’ سے بولی وڈ میں مشہور ہونے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے فلمی دنیا کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا تھا۔


  • Featured Content⭐


    24 گھنٹوں کے دوران 🔥


    From Our Blogs in last 24 hours 🔥


    >