سنبل شاہد کی موت پر بہن بشریٰ انصاری اور بھانجی زارانورعباس کے جذباتی پیغامات

سنبل شاہد کی کورونا سے ہلاکت، بہن بشریٰ انصاری سمیت دیگر کے جذباتی پیغامات

کورونا کھیل نہیں ہے، پیسے سے جان نہیں بچائی جاسکتی، احتیاط ضروری ہے کیونکہ کورونا کے عام اور خاص پر بلاامتیاز حملے جاری ہیں، اداکارہ سنبل شاہد بھی گزشتہ روز کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئیں،اس افسوسناک خبر پر تعزیت کا سلسلہ جاری ہے،سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بڑی تعداد سنبل شاہد کی مغفرت کے لیے دُعائیہ پیغامات دیئے جارہے ہیں۔

سنبل شاہد کی بہن اورپاکستان کی صف اول اداکارہ بشریٰ انصاری اس وقت شدید صدمے میں ہیں، انہوں نے اس بات کا اظہار سوشل میڈیا پر اپنے جذباتی پیغام میں کیا، انسٹاگرام پر بشریٰ انصاری نے ماضی کی ایک یادگار تصویر شیئر کی جس میں اُن کے ہمراہ اُن کی والدہ اور بہنیں بھی ہیں۔

بشریٰ انصاری نے تصویر کے کیپشن میں اپنی مرحومہ بہن سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ہمیں کیا معلوم تھا کہ تُم ہمیں چھوڑ کر چلی جاؤ گی،اگر معلوم ہوتا تو ہم رواں سال جنوری میں تمہاری سالگرہ بہت اچھے سے مناتے۔

دوسری جانب اداکارہ اسما عباس کی بیٹی اور سنبل شاہد کی بھانجی اداکارہ زارا نور عباس نے بھی خالہ کی موت پر دکھ کر اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کو یاد کیا، خالہ کی یادگار ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں سنبل گنگنارہی ہیں۔

زارا نور عباس نے کپیشن لکھا کہ اب پہلے جیسا کچھ بھی نہیں رہے گا،آپ ہمیں چھوڑ کر چلی گئی ہیں اور ہم یہاں ٹوٹ کر رہ گئے ہیں۔

دیگر شوبز فنکاروں اور سنبل شاہد کے مداح بھی افسردہ ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں اہلخانہ سے تعزیت کا اظہارکررہے ہیں،پاکستان کی نامور اداکارہ سنبل شاہد گزشتہ ایک ماہ سے عالمی وبا کورونا کے باعث زندی اور موت کی جنگ لڑ رہی تھیں، سنبل شاہد کو ایک ماہ پہلے کورونا ہوا تھا اور بشریٰ انصاری اور اسما عباس نے عوام سے اپنی بہن کی صحتیابی کیلئے کئی بار دعائوں کی درخواست بھی کی تھی۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>