بالی ووڈ لیجنڈز دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کا صوبائی حکومت نے قبضہ لےلیا

ڈپٹی کمشنر پشاور نے بالی ووڈ کے دو لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کا قبضہ لینے کے بعد ان پر مقرر کردہ ایوارڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

ایوارڈ کا اعلان ہونے کے بعد صوبائی حکومت کے محکمہ آرکیالوجی اینڈ میوزیم نے گھروں کا قبضہ لے لیا اور مذکورہ گھروں کی ملکیت ڈائریکٹر اے اینڈ ایم (آرکیالوجی اینڈ میوزیم) کے نام پر منتقل کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر بتایا کہ گھروں کا قبضہ حاصل کر لیا گیا ہے اور یہ کارروائی اور ان گھروں کو خریدنے کا فیصلہ لینڈ اینڈ ریکوزیشن ایکٹ 1894 کے سیکشن4، 6 اور 17 کے تحت کیا گیا تھا۔ مالکان کو اعتراضات کےلیے حتمی نوٹس جاری کیے گئے تھے جن کے جواب میں انہوں نے اس کارروائی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ ضلعی حکومت کی جانب سے مالکان کے اعتراضات کیلئے 18 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم مالکان نے اعتراضات جمع کرائے جنہیں ڈپٹی کمشنر نے مسترد کرتے ہوئے ایوارڈ کا اعلان کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے دلیپ کمار کے 4 مرلہ گھر کیلئے 80 لاکھ 56 ہزار ایوارڈ مقرر کیا گیا ہے یہ گھر قصہ خوانی کی پشت پر محلہ خداداد میں واقع ہے۔

جب کہ راج کپور کے 6 مرلہ پر محیط آبائی گھر کا ایوارڈ ایک کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے یہ گھر ڈھکی دالگراں میں واقع ہے۔ ان گھروں کے حوالے سے تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ انہیں خرید کران کو عجائب گھروں میں تبدیل کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر اے اینڈ ایم کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی مدد سے دونوں گھروں کا قبضہ حاصل کرلیا ہے۔ حکومت نے اپنے وعدےکو پورا کردکھایا ہے۔ ماضی میں صرف اعلانات ہوئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا لیکن موجودہ حکومت نے تمام قانونی کارروائیاں مکمل کرکے گھروں کا قبضہ لیا اب اگلے مرحلے میں دونوں گھروں کو اصل حالت میں لانا اور پھر عجائب گھروں میں تبدیل کرنا ہے جس کے لئے فنڈز موجود ہیں۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>