بھارت میں پرانے پاکستانی ڈراموں اور شہنازشیخ، مرینہ خان کی جوڑی کے چرچے

بھارت میں بھی پاکستانی لیجنڈ اداکاراؤں شہناز شیخ اور مرینہ خان کے چرچے۔۔ بھارتی صحافی برکھادت شہنازشیخ اور مرینہ خان کے ڈرامے تنہائیاں کو یاد کرتی رہیں۔

پاکستان کی لیجنڈ اداکارائیں مرینا خان اور شنہاز شیخ نے حال ہی میں ایک ملاقات کی جس کی تصاویر اداکار عمران عباس نے سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس پر بھارت سے بھی صارفین نے ردعمل دیا اور اس وقت کو یاد کرتے ہوئے ان ماضی کے ڈراموں کی تعریف کی۔

اداکار عمران عباس نے اس پوسٹ میں لکھا کہ ان خواتین (شہناز شیخ اور مرینا خان) نے ان کہی، تنہائیاں اور دھوپ کنارے جیسے یادگار ڈراموں میں ادکاری کی اور ہمیشہ کیلئے ان ڈراموں کو امر کر دیا، انہوں نے ان دونوں کو لیجنڈز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں کسی پاور ہاؤس کی طرح ہیں۔

یاد رہے کہ اس دور میں پی ٹی وی پر پیش کیے جانے والے یہ ڈرامے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی یکساں مقبول تھے اور ان کے چاہنے والوں کی تعداد آج بھی کم نہیں ہوئی۔

سوشل میڈیا پر اچانک سے زیرگردش مرینا اور شہناز شیخ کی تصویریں جب بھارتی صحافی اور مصنفہ برکھا دت نے دیکھیں تو وہ بھی اس باکمال جوڑی کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر ماضی کا اور حالیہ فوٹو کولاج شیئر کرتے ہوئے پاکستانی ڈراموں ’تنہائیاں‘ اور ’دھوپ کنارے‘ کی کھل کر تعریف کی۔

بھارتی صحافی نے کہا کہ وہ اپنے اسکول کے تمام امتحانات سے پہلے دھوپ کنارے اور تنہائیاں دیکھا کرتی تھیں۔ کیونکہ ڈاکٹر احمر کا کردار ان کا کرَش تھا، وہ ہمیشہ یہی سوچا کرتی تھیں کہ کبھی کوئی آئے گا اور ان کیلئے فیض کی نظم گائے گا۔

سنیترا چودھری نے سوال پوچھا کہ یہ جوڑی کس کس کو یاد ہے؟

برکھا دت نے اس کے بھی جواب میں کہا کہ کیا تم پاگل ہو؟ یہ پوچھو کہ اس جوڑی کو کون بھول سکتا ہے۔

نیرن نامی صارف نے کہا کہ یہ ان کا پہلا کرَش تھیں وہ انہی کے خواب دیکھا کرتے تھے اور انہیں ان کی ماں نے کہا تھا کہ ڈاکٹر احمر کا کردار انتہائی رومانوی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پتہ چلا کہ ہم کتنے بوڑھے ہو گئے ہیں۔

نیروپاماکوترو نے کہا کہ ایسے وقت میں حسینہ معین کو نہیں بھلایا جا سکتا جنہوں نے یہ تمام ڈرامے لکھے تھے۔ اس صارف نے مزید کہا کہ وہ مارچ میں جہان فانی سے کوچ کر گئی تھیں۔ اس نے ان کی مغفرت کیلئے بھی دعا کی۔

مینروہ نے کہا کہ کیا ہی خوبصورتی سے وقت ڈھلا ہے یہ 90 کی دہائی کی یہ جوڑی آج بھی خوب لگتی ہے۔

موھر باسو نے کہا کہ انہیں یاد ہے وہ 15 برس کی عمر میں یہ ڈرامہ دیکھتی تھیں اور اس میں نیرہ نور کا گایا ہوا گانا تو وہ آج بھی کبھی کبھار گنگناتی ہیں۔

نوینا جفا نے کہا کہ کیا ہم واقعی اتنے بوڑھے ہو چکے ہیں؟ کیا کسی کے پاس ڈاکٹر احمر کی بھی کوئی تصویر ہے؟

اس صارف کے جواب میں ثمر عبداللہ نامی صارف نے ڈاکٹر احمر انصاری کا کردار نبھانے والے اداکار راحت کاظمی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اب ایسے دکھتے ہیں۔

35 برس بعد اس سوپر ہٹ جوڑی کو ایک بار پھر سے ٹی وی اسکرین پر دیکھا جائے گا۔ انہوں نے حال ہی میں عاصم یار ٹوانہ کے پروگرام میں شرکت کی جس کو پی ٹی وی پر پیش کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی ریکارڈنگ کے بعد جاری کی گئی تصاویر میں ماضی کی ان معروف اداکاراؤں کے علاوہ عمران عباس اور ماریہ واسطی کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>