ماڈل نایاب کے مبینہ قاتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر

کچھ روز قبل قتل ہونیوالی ماڈل نایاب کے کیس میں اہم پیشرفت۔مبینہ قاتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس میں قتل ہونے والی ماڈل نایاب کے مبینہ قاتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا مشکوک شخص ہی نایاب کا قاتل ہو سکتا ہے۔

فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ماڈل نایاب کے قتل ہونے کے بعد صبح 5 بجکر 26 منٹ پر اس کے گھر کے قریب سے ایک مشکوک شخص گزر رہا ہے، فوٹیج میں نظر آنے والے شخص کی عمر تقریبا 30 سال ہے اور اسکا رنگ گندمی جبکہ وہ شرٹ اور ٹراؤزر میں ملبوس ہے ، اس نے سر پر ٹوپی بھی پہن رکھی ہے اور اس نے ہاتھ میں کچھ پکڑ رکھا ہے۔

پولیس کے مطابق فوٹیج کے ذریعے مشکوک شخص کو ٹریس کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ہیں، اور سی سی ٹی وی فوٹیج کو فرانزک لیب بھجوا کر مشکوک شخص کا چہرہ صاف کرکے تصویر حاصل کی جائے گی۔

دوسری جانب ماڈل نایاب کی تفتیش میں ایک اور اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، اور پولیس نے نایاب سے رابطے میں رہنے والے 10 افراد کو شامل تفتیش کرلیا ہے، جب کہ ماڈل کے سوتیلے بھائی کو پہلے ہی شامل تفتیش کیا جا چکا ہے۔

پولیس کے مطابق ماڈل قتل کی رات اپنے دوستوں کے ساتھ دعوت پر گئی اور پارٹی میں مقتولہ ماڈل کا کچھ دوستوں سے جھگڑا ہوا تھا۔ماڈل نایاب فارم ہاؤس سے واپس گھر آئی اور اپنے سوتیلے بھائی کو فون کیا ، اسی رات ماڈل کا سوتیلا بھائی اس سے ملنے بھی آیا۔مقتولہ کا بھائی اس سے ملنے آیا ، اس نے اسے آئس کریم کھلائی اور کچھ وقت ساتھ گزارکر گھر چھوڑ کر چلا گیا۔

پولیس کے مطابق ماڈل نایاب کو گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا جبکہ قتل کی واردات میں ملوث نامعلوم ملزم گھر کے عقبی راستے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ نامعلوم ملزم نے ماڈل نایاب کو قتل کرنے کے بعد اس کو برہنہ حالت میں اس لئے چھوڑ دیا تاکہ مقدمے کی تفتیش کا رخ تبدیل کر سکے جبکہ پولیس کا کہنا ہے ماڈل نایاب کے ساتھ جنسی زیادتی کے شواہد نہیں ملے۔ قاتل نے لاش بے لباس کرکے قتل کو زیادتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ مقتولہ نایاب چند روز قبل دبئی سے لاہور پہنچی تھی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم ملزم مقتولہ نایاب کا موبائل فون بھی ساتھ لے گیا ۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>