فیاض الحسن چوہان نے سعد رضوی کی رہائی کی تردید کر دی

فیاض الحسن چوہان نے سعد رضوی کی رہائی کی تردید کر دی، کچھ میڈیا ہاؤس غلط خبر دے رہے ہیں، صوبائی وزیر

وزیر برائے جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ سعد رضوی کی رہائی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض میڈیا ہاوسز سعد رضوی کی رہائی کی غلط خبر دے رہے ہیں ۔ ان کی رہائی مکمل پروسیجر کرنے کے بعد عمل میں لائی جاسکے گی۔

یاد رہے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹی ایل پی سوشل میڈیا ونگ کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ امیر تحریک لبیک سعد رضوی کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے اور وہ گھر پہنچ گئے ہیں اور اب سعد رضوی یتیم خانہ چوک میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کریں گے۔

ان سوشل میڈیا پر چلنے والی من گھڑت خبروں کی تردید کرتے ہوئے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ انہیں ابھی تک رہا نہیں کیا گیا اور رہائی ہونے کی صورت میں بھی مکمل طریقہ کار کو فالو کرنے کے بعد ان کی رہائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر دعوے کیے جا رہے ہیں کہ سعد رضوی کے استقبال کے لئے کئی من پھول منگوائے گئے ہیں، یتیم خانہ چوک میں تحریک لبیک کے دھرنے میں موجود تحریک لبیک کی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ سعد رضوی دھرنے میں آئیں گے اور خطاب کریں گے، دھرنے میں یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ تحریک لبیک پر سے پابندی ختم کر دی جائے گی ،یتیم خانہ چوک میں تحریک لبیک کے ہزاروں کارکنان جمع ہیں جو لبیک لبیک کے نعرے لگا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سعد رضوی کو 12 اپریل کو اسکیم موڑ چوک سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کو 20 اپریل کا احتجاج روکنے کے لیے حراست میں لیا گیا تھا کیونکہ حکومت کے ساتھ ان کے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق تحریک لبیک نے اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا تھا۔

تاہم وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے حالیہ ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، مذاکرات کی کامیابی کے بعد ٹی ایل پی کی جانب سے مسجد رحمۃ اللعالمین سمیت سارے ملک سے دھرنے ختم کیے جائیں گے۔ ٹی ایل پی کے جن لوگوں کے خلاف مقدمات درج ہیں، ان کا بھی اخراج کیا جائے گا۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>