صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی لندن روانگی کا معاملہ، پی ٹی آئی رہنماؤں کی تنقید 

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی لندن روانگی کا معاملہ، پی ٹی آئی رہنماؤں کی تنقید 

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کو لاہور ایئرپورٹ پرایف آئی اے امیگریشن اہلکاروں نے بیرون ملک جانے سے روک دیا۔امیگریشن اہلکاروں کو بتایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کا آرڈر ہے اور ون ٹائم ٹریول کی اجازت دی گئی ہے،جس پرامیگریشن حکام کاکہنا تھا سسٹم پر کلیئرنس اپ ڈیٹ ہونے تک شہباز شریف ملک سے باہر نہیں جا سکتے۔

شہباز شریف کے اس اقدام پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے کڑی تنقید کی جارہی ہے،  وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ ماضی میں ملک کے حکمران رہنے والوں کو بھاگنے کی بہت جلدی ہے، ایسے بھاگ رہے ہیں جیسے چور چوری کے بعد بھاگتا ہے، ان چوروں کی تیزیاں دیکھیں کہ ابھی عدالت کے آرڈر کی سیاہی خشک نہیں ہوئی اور روانگی کے لئے ایئرپورٹ پہنچ گئے۔

شہباز گل نے  بیماری پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اب نہ ان کو کورونا کا ڈر آیا نہ ان کی کمر میں درد ہوا اور نہ ہی انہیں وطن عزیز کے اسپتال اور ڈاکٹر اچھے لگے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی تنقیدی  ٹویٹ داغ دیا، کہا اتنی جلدی تو پنچایت میں بھی فیصلہ نہیں ہوتا، اربوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث شخص کو باہر جانے کی اجازت ملنا قانون کے ساتھ مذاق ہے۔

معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر بھی پیچھے نہ رہے،سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ شہباز شریف کا بھائی، بیٹا اور داماد بھی اشتہاری ہیں، ملزم اور مجرم لندن میں اکٹھے عید منائیں گے۔

وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا شہباز شریف نے تو اپنے مفرور بھائی نواز شریف کی گارنٹی دی تھی۔

معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو گرمی ستا رہی ہے، ان کا دل لندن کی ٹھنڈی ہوائیں لینے کیلئے مچل رہا ہے۔

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے امیگریشن حکام کے عمل کوچیلنج کرنےکا اعلان کیا اور کہا کہ حکام نے عدالتی حکم کی توہین کی ہے،ان کے خلاف توہین عدالت کا کیس دائرکریں گے،ایف آئی اے امیگریشن حکام کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے شہباز شریف کا نام تاحال بلیک لسٹ سے نہیں نکالا گیا لہٰذا نام کلئیر ہونے پر جہاز میں سوار ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

شہباز شریف کو آج صبح 4 بج کر 50 منٹ پر غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے لاہور سے دوحہ روانہ ہونا تھا جہاں قطر میں 10دن قرنطینہ کے بعد ان کی لندن روانگی تھی۔


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>