کراچی میں6 سالہ ماہم سے زیادتی وقتل کے واقعہ پر شنیرااکرم برہم

کراچی کے علاقے کورنگی ٹاؤن میں 6 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل۔۔ شنیرااکرم شدید برہم

کراچی کے علاقے کورنگی ٹاؤن میں 6 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق 6 سالہ بچی گھر کے باہر سے کھیل رہی تھی کہ کسی نے اغوا کرلیا اور زیادتی کا نشانہ بناکر بچی کی ایک دری میں لاش لپیٹ کر پھینک دی۔

ڈاکٹرز کے مطابق بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس کے ناک اور منہ کو بند کر کے اس کا سانس روک کر اس کی جان لی گئی تھی۔

میڈیکولیگ کرنے والی ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق بچی کی گردن پر زور پڑنے سے اس کی گردن کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی تھی۔ البتہ بچی سے کسی ایک شخص یا زیادہ نے زیادتی کی تھی اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ڈی این اے رپورٹ آنے پر ہی اس بارے میں کچھ کہا جا سکے گا۔

اس دل دہلا دینے والے واقعے پر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرااکرم نے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ چھوٹی بچی میری بیٹی کی عمر کی ہی تھی، جو گھر سے کھیلنے کے لیے نکلی لیکن واپس نہیں آئی۔ مجھے بتائیں کہ میں کیسے اس کے بارے میں بات کرنا چھوڑ دوں؟

انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر لکھا کہ یہ افسوسناک واقعہ میرے گھر سے صرف 20 منٹ کی مسافت پر ہوا ہے، یہ میرے شہر کراچی میں ہوا ہے، یہ ہمارے ملک پاکستان میں ہو رہا ہے۔ مجھے یہ نہ بتائیں کہ یہ سب ہوتا رہتا ہے اور نہ ہی مجھے آواز بلند کرنے سے روکیں کیونکہ میں رُکنے والی نہیں ہوں۔

شنیرا نے ایک اور پیغام میں کہا کہ مجھے یہ بتانا بند کریں کہ یہ سب ہر جگہ ہوتا ہے، میں آپ کو بتا رہی ہوں کہ یہ پاکستان میں ہو رہا ہے۔ میں اس کو نظرانداز نہیں کر سکتی جب تک کہ ہمارا ملک اس کے بارے میں کچھ نہ کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ بہت زیادہ درد اور بہت زیادہ خون بہہ گیا ہے، آگاہی نہیں دی جارہی ہے اور نہ ہی یہ سب روکنے کے لیے کوئی اقدام کیا جارہا ہے۔ یہ کب ختم ہوگا؟


Featured Content⭐


24 گھنٹوں کے دوران 🔥


From Our Blogs in last 24 hours 🔥


>